فلسفۂ اقبال : اشعار کی روشنی میں

Philosophy of Iqbal : Reference to his Poetry

توحید شاہ ہاشمی8 منٹ کا مطالعہ

9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں شیخ نور محمد صاحب کے گھر میں آنکھ کھولنے والے اس بچے کے بارے میں کون جانتا تھا کہ آنے والے وقت میں یہ برصغیر کے سوئے ہوئے مسلمانوں کو نہ صرف خواب غفلت سے جگائےگا بلکہ منزل کی نشاندہی بھی کر دے گا ۔

کون اندازہ کر سکتا تھا محترمہ امام بی بی کی گود میں کھیلنے والے یہ بچہ نہ صرف عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہوگا بلکہ اپنے کلام سے نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں میں اسلام و ایمان کی ایک نئی روح پھونک دے گا۔

قوتِ مسلم ز عشقِ مصطفیٰؐ است

بحر و بر در دستِ او مومِ خداست

ترجمہ: مسلمان کی اصل قوت عشقِ مصطفیٰ ﷺ ہے، اسی قوت کے بل بوتے پر دنیا کے بحر و بر اس کے سامنے موم ہو جاتے ہیں۔

بہ مصطفیٰ برساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست

اگر بہ او نرسیدی تمام بولہبی است

(ترجمہ: "اپنے آپ کو مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھال لو کہ دین کی حقیقی روح آپ ﷺ کی پیروی میں ہے۔ اگر اس منزل تک نہ پہنچے تو تمہارا راستہ ابو لہبی ہے۔

کیا کبھی مولوی سید میر حسن نے سوچا ہوگا کہ ان کا طالب علم نہ صرف اپنا بلکہ انکا نام بھی روشن کرے گا اور دنیا بھر میں انکی پہچان بن جائے گا۔ پروفیسر آرنلڈ بھی اپنی خوش قسمتی پر ناز کرتے ہوں گے کہ قدرت نے اقبال جیسے ہونہار شاگرد کی راہنمائی کا موقع دیا۔ پروفیسر نکلسن بھی اقبال سے اپنی عملی و ادبی دوستی پر پھولے نہ سماتے ہوں گے ۔ اور پھر برصغیر کے مسلمان خاص طور پر ہم اہل پاکستان کیوں نہ فخر کریں کہ ہمارے وطن کا خواب آپ نے دیکھا۔ لہذا آپ نہ صرف شاعر مشرق ہیں بلکہ مصور پاکستان بھی ہیں۔ مصور بھی ایسا کہ جس کی تصویر نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک واضح منزل کی راہ دکھائی اور پھر محمد علی جناح جیسے قائد کی قیادت میں یہ منزل 14اگست 1947 کو حاصل کر لی گئی۔ ہم کیوں نہ فخر کریں کہ مصور پاکستان بھی شاندار انسان اور معمار پاکستان بھی کمال کے قائد۔۔۔۔۔

اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر

خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمیؐ

ان کی جمیعت کا ہے ملک و نسب پر انحصار

قوتِ مذہب سے مستحکم ہے جمیعت تیری

اقبال کی شاعری کا امتیاز یہ ہے کہ ان کے بہت سے اشعار اپنے اندر ایک مکمل فلسفہ، ایک گہرا تخیل اور زندگی کے لیے ایک واضح پیغام سموئے ہوئے ہیں۔" شاید ہی کوئی دوسرا شاعر ہو کہ جس کا سارا کلام ہی شاعری و راہنمائی کے بہترین درجوں پر فائز ہو۔

ہو حلقۂ یاراں تو ابریشم کی طرح نرم

رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن

یقین محکم، عمل پیہم، محبت فاتحِ عالم

جہادِ زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں

شاید ہی کوئی شاعر ہو جو کہ بچوں سے بات کرے تو ان کے درجے پر ۔۔۔۔۔۔۔

ہے لوگ وہی جہاں میں اچھے

آتے ہیں جو کام دوسروں کے

نہیں ہے چیز نکمی کوئی زمانے میں

کوئی برا نہیں قدرت کے کارخانے میں

اور نوجوانوں سے مخاطب ہوئے تو انکے ذہنی و فکری معیار کے مطابق ۔

• عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں

نظر آتی ہے اس کو اپنی منزل آسمانوں میں

• محبت مجھے ان جوانوں سے ہے

ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند

•تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا

تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں

اسی روز و شب میں الجھ کر نہ رہ جا

کہ تیرے زمان و مکاں اور بھی ہیں

اقبال نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے شاہین کو بطور مثال سامنے رکھا۔ اور پھر شاہین کی جو خوبیاں و کمالات بیان کیے گئے اتنے تو شاید ہی کسی کے تخیل کے پاس سے بھی گزرے ہوں۔

پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں

کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور

• جھپٹنا ، پلٹنا ، پلٹ کر جھپٹنا

لہو گرم رکھنے کا ہے ایک بہانہ

• نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر

تو شاہیں ہے، بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں

شکوہ لکھے تو میراث کھوئی ہوئی قوم کا حال دل دردناک انداز میں بیان کر دیا

تھے ہمیں ایک ترے معرکہ آراؤں میں

خشکی میں لڑتے تھے تو کبھی دریاؤں میں

دیں اذانیں کبھی یورپ کے کلیساؤں میں

کبھی افریقہ کے تپتے ہوئے صحراؤں میں

شان آنکھوں میں نہ جچتی تھی جہانداروں کی

کلمہ پڑھتے تھے ہم چھاؤں میں تلواروں کی

اور پھر جواب شکوہ لکھا تو زوال کے وجوہات واسباب اور پھر زوال سے عروج کے سفر کی راہنمائی کر دی۔

گنوائی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی

ثریا سے زمین پر آسماں نے ہم کو دے مارا

وضع میں تم ہو نصاریٰ، تو تمدن میں ہنود

یہ مسلماں ہیں! جنہیں دیکھ کے شرمائیں یہود

یوں تو سید بھی ہو، مرزا بھی ہو، افغان بھی ہو

تم سبھی کچھ ہو، بتاؤ تو مسلماں بھی ہو

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے

دہر میں اسمِ محمد سے اجالا کر دے

روسیاہی سہی، سب کچھ ہے، مگر اے غفلت

دل سے محرم نہیں فرماں رواں کا دربار

ہو نہ مائل بہ جفا، اور نہ پشیماں ہو جا

اپنے آبا کی طرح میرِ مسلماں ہو جا

اگر دیکھا جائے تو بیشتر شعراء نے غزل کو اپنے پیغام کا ذریعہ بنایا مگر اقبال نے نظم کی صنف کو اپنے فکری اور فلسفیانہ اظہار کا ایسا وسیلہ بنایا کہ اردو نظم کو نئی بلندیوں سے روشناس کرایا۔"

یہی وجہ ہے کہ اقبال کی غزلوں کی بھی خاصی تعداد ہونے کے باوجود ان کی فکری شاعری کا سب سے نمایاں اظہار نظم کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ پھر انہی نظموں کے ذریعے خودی پر وہ سیر حاصل گفتگو کی کہ خودی ،عشق ، محبت ، احساس کے ساتھ ساتھ ایک نمایاں جذبہ انسانی بن کر سامنے آئی۔

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

خودی کیا ہے، رازِ درونِ حیات

خودی کیا ہے، بیداریِ کائنات

خودی کا نشیمن ترے دل میں ہے

فلک جس طرح آنکھ کے تل میں ہے

شعراء کا ہمیشہ سے پسندیدہ موضوع عشق ہے۔ اور سب شعراء ہی عشق کے اتار چڑھاؤ، درد و الم بیان کرتے نظر آتے ہیں مگر جس طرح اقبال نے عشق کو بیان کیا کہ عشق سے عشق کو بھی عشق ہونے لگا۔

بے خطر کود پڑا آتشِ نمرود میں عشق

عقل ہے محوِ تماشائے لبِ بام ابھی

عقل عیار ہے، سو بھیس بدل لیتی ہے

عشق بیچارہ نہ ملا ہے نہ زاہد نہ حکیم

جب عشق سکھاتا ہے آدابِ خود آگاہی

کھُلتے ہیں غلاموں پر اسرارِ شہنشاہی

اقبال ! کس کے عشق کا یہ فیض عام ہے

رومی فنا ہوا ، حبشی کو دوام ہے

دل، موت، نالۂ، فراق،عقل،پروانہ، محبت، حسن،تنہائی اور ان جیسے بہت سے احساسات و اجزاء کا تخیل جیسے علامہ اقبال نے پیش کیا شاید ہی کسی اور شاعر نے اتنی گہرائی کا احاطہ کیا ہو۔

• اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغِ زندگی

تو اگر میرا نہیں بنتا نہ بن، اپنا تو بن

• نشانِ مردِ مومن با تو گویم؟

چوں مرگ آید تبسم بر لبِ اوست

(ترجمہ: کیا میں تمہیں مردِ مومن کی نشانی بتاؤں؟ جب موت آتی ہے تو اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ ہوتی ہے

• تڑپ بجلی سے پاتی ہے، جگر سے خون لیتی ہے

فراقِ حسن میں پیدا نوائے عاشقانہ ہے

• اچھا ہے دل کے پاس رہے پاسبانِ عقل

لیکن کبھی کبھی اسے تنہا بھی چھوڑ دے

• مجھ کو تو سکھا دی ہے فرنگ نے زندیقی

اس دور کے پروانے شمعوں سے گریزاں ہیں

• یقینِ محکم، عملِ پیہم، محبت فاتحِ عالم

جہادِ زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں

• انجمن میں بھی میسر نہیں خلوت مجھ کو

جس کا ہمراز ہو دل، وہ کوئی دمساز نہیں

غرض اقبال نے اپنی شاعری سے نہ صرف برصغیر مسلمانوں کی بیداری اور آزاد مملکت کے حصول کی طرف راہنمائی کی بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی راہنمائی آنے والے وقت تک کر دی۔ جو آج کے حالات پر بھی مکمل راہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

منفعت ایک ہے اس قوم کی، نقصان بھی ایک

ایک ہی سب کا نبی، دین بھی، ایمان بھی ایک

حرمِ پاک بھی، اللہ بھی، قرآن بھی ایک

کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک؟

یورپ کی غلامی پہ رضا مند ہوا تو

مجھ کو تو گلہ تجھ سے ہے، یورپ سے نہیں ہے

بتانِ رنگ و خوں کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا

نہ تورانی رہے باقی، نہ ایرانی، نہ افغانی

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے

نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

چنانچہ اقبال کی شاعری کی آفاقیت کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا کہ ان کے افکار آج بھی ہماری اجتماعی زندگی، فکری مسائل اور قومی رویوں پر روشنی ڈالتے ہیں؟

آپ21 اپریل 1938ء کو اس دنیا سے رخصت ہوئے، مگر نہیں! اقبال آج بھی زندہ ہیں۔ اپنے افکار میں، اپنے کلام میں اور ہر اس دل میں جو خودی، عشق اور عمل کی روشنی سے منور ہے"۔

موضوعات:مضمون

مزید پڑھیے

سب دیکھیں
منتخب

ٹیوشن سنٹر

ٹیوشن سنٹر ابا جی کے مشورے پر میں ایک سفید چارٹ اور کالا ماکر لے آیا اور اپنی ٹوٹی پھوٹی لکھائی میں "ٹیوشن سنٹر ۔ شام 5 بجے سے…

9 منٹ کا مطالعہ

مردِ قلندر کی یاد میں

یہ مرحوم پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد کا ایک مختصر ادبی خاکہ ہے، جس میں ان کی درویش صفت شخصیت، منفرد تدریسی انداز اور شفیق رویے کو…

ڈاکٹر سلام اللہ7 منٹ کا مطالعہ