ابا جی کے مشورے پر میں ایک سفید چارٹ اور کالا مارکر لے آیا اور اپنی ٹوٹی پھوٹی لکھائی میں "ٹیوشن سنٹر ۔ شام 5 بجے سے 7بجے روزانہ" جلی حروف نہیں بلکہ موٹے الفاظ میں لکھ کر گھر کے دروازے پر باہر کی طرف لگا دیا۔ اندر کی طرف لگاتا تو چھوٹے بہن بھائی فیس کے ڈر سے مجھ سے پڑھنے سے بدک جاتے۔ اور گھر میں پڑھے لکھے ہونے کا دبدبہ ڈگمگا جاتا۔
اگلے دن ہی شام 5بجے سامنے والے بزمی صاحب نے دروازہ بجایا اور ساتھ ہی آواز لگا دی۔ "بیٹے ذرا باہر آنا". باہر نکلا تو موصوف اپنے دونوں فرزندان کو با آدب کھڑا کیے مسکرا کر ملے۔ سلام ڈعا کے بعد دونوں فرزندان کو حوالے کیا ک"میاں اب تم ہی انکی پڑھائی کا قبلہ درست کرو ۔ بڑے وقت سے کوئی ٹیوشن سنٹر ڈھونڈ رہے تھے بس رب نے اخر سن لی۔" یہ تو پتا تھا بڑے صاحبزادے پانچویں اور چھوٹے تیسری جماعت کے طالب علم ہیں۔ بیٹھک کھولی تو بزمی صاحب نے بچوں کو یمارے حوالے کیا اور اپنے گھر کی راہ لی۔ ہم اپنی دکان بلکہ ٹیوشن سنٹر کھول کر بیٹھ گئے۔ دونوں کا ہوم ورک چیک کیا۔ کچھ مزید کام دیا۔ باری باری ریاضی کے کچھ سوال سمجھائے اور پھر انھیں مشق کرنے کا کہہ کر سامنے بیٹھ گئے۔ ہم نے دانستہ بچوں کو اور اپنے آپ کو بیٹھک کے دروازے کے سامنے بٹھایا کہ کام کام میں مارکیٹنگ بھی جاری رہے۔ دل میں خوش بھی تھے کہ بسم اللّٰہ ہی دو بچوں سے ہوئی۔
اگلے دو گھنٹے میں گلی سے گزرنے والے ہر شخص نے ایک طائرانہ بلکہ شاطرانہ نظر ضرور ڈالی۔ دو گھر آگے گلی کی واحد دکان کے مالک وسیم صاحب دکان سے باہر نکل کر مشاہدہ کرنے آ پہنچے۔ آمنا سامنا ہوا تو مسکرا پڑے۔ بولے" یہ تو اچھا ہوگیا۔ آپکی بھابھی ویسے ہی سر کھپاتی رہتی ہے۔ کل سے میں بھی بچے ادھر ہی بھیج دونگا۔ اس (ہماری بھابھی) سادی سے بچے کدھر قابو ہوتے ہیں".... کوئی اور موقع ہوتا تو ہم بول دیتے کہ سادی سے بچے قابو نہیں ہوتے تو پیدا بھی ۔۔۔۔۔۔ مگر چھوڑو جی ہمیں تو اپنے ثیوشن سنٹر کی کامیابی کے لیے منہ بند رکھنا چاہیے ۔
اگلے دن پانچ بچے ہوگئے۔ دو بزمی صاحب کے اور تین وسیم صاحب کے۔ سنٹر میں کچھ رونق لگ گئی۔
ہمارے معاشرے میں عورت نیٹ ورک بہت تیز ہے۔ ایک باجی کو بات پتا چلی تو اگلے دن محلے کی چاچی، آپا، ماسی، خالہ سب ادھر ادھر چہم گوئیاں کرتی اور دوپٹے منہ میں دباتی نظر آئیں گیں۔ تیسرے دن علیم صاحب کی ایک بیٹی اور چھوٹا بیٹا بھی بستے لٹکائے آن پہنچے۔دونوں چوتھی جماعت میں پڑھتے تھے۔ علیم صاحب لکڑی کا ایک کارخانہ چلاتے اور اچھا کماتے تھے ۔ دونوں بچے ہی آئے تھے بڑا کوئی ساتھ نہ تھا۔ آتے ہی بولے "امی نے کہا ہے کہ ماموں (یعنی ہم)کو کہنا کہ اب ہم یہیں پڑھیں گے"۔ ہم نے اثبات میں سر ہلا دیا اور دونوں کو دوسرے بچوں کے ساتھ بٹھا لیا۔ غرض پرائمری تک کے سات بچوں کی نرسری بن گئی۔ ہم استادی میں کچھ تجربہ رکھتے تھے کیونکہ گریجویشن کے بعد کچھ عرصہ ایک پرائیویٹ سکول میں بطور استاد کافی مغز ماری کی تھی۔ ساتھ ساتھ ایک دو ٹیویشن اکیڈمیوں کی بھی خاک چھانی تھی۔ مگر بڑی جماعتوں کو سائنس و ریاضی کے رموز و اوقاف سکھائے تھے۔ ریاضی کے مسائل و مساوات سے نبرد آزما رہے۔ فزکس کے قوانین و اطلاق، کیمسٹری کی کیمیا گری اور بیالوجی کے حیاتیاتی عوامل و راز کھول کر بجوں کو نمبروں کی دوڑ میں شامل کیا تھا۔ مگر اب کسی نوکری کی تلاش میں تھے۔ اور بحکم ابا جی نوکری ملنے تک یہ مشق ہمارے ذاتی معاشی مسائل کو کچھ سہارا دینے کے ساتھ ساتھ وقت کے ضیاع سے بھی بچاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
سات بچوں کو پڑھا رہے تھے اور مزید کی دعا مانگ رہے تھے۔ گھر سے نکلتے تو کچھ لوگ راستے میں روک کر ٹیوشن کے اوقات و معاملات کا پوچھ لیتے مگر شاید ہماری صورت یا چال ڈھال ہماری صلاحیتیںوں کو مشکوک بنا رہے تھے کہ بچوں کی تعداد سات کے دائرہ میں رہی۔ ہم دل میں فیس کا حساب لگاتے کہ اگر فی بچہ پانچ سو بھی وصولی ہو تو پینتیس سو کی آمدن گھر بیٹھے ایسی بری بھی نہیں۔ مگر پھر سوچتے ہر گھرانے کے بچے دو یا دو سے زیادہ ہیں، ذرا ڈسکاؤنٹ بھی دے دیتے ہیں۔ تین سو فی بچہ کے حساب سے ماہانہ اکیس سو بھی کافی ہے۔ اور اس طرح بچوں کے والدین بھی خوش ہوں گے۔ مہینہ دو مہینے میں اچھی کارکردگی دکھائیں تو مزید گاہک بھی آئیں گے۔
ہفتہ بھر محنت کی۔ علیم صاحب کے بچے تو بلکل ہی کورے تھے۔ الف ب سے پڑھنا لکھنا سکھانا شروع کیا۔ بزمی صاحب کے بچوں کی ریاضی درست کرواتے رہے جبکہ وسیم صاحب کے بچوں کی سوشل سٹڈی اور سائنس نے ہمارے مغز کے سوئے ہوئے حصوں کو بھی جگایا۔ بچے بھی وقت مقررہ پر پہنچ جاتے اور ہم بھی دو گھنٹے ایسے کھبتے کہ کبھی وقت کا پتہ نہ چلتا اور پندرہ بیس منٹ اوپر نکل جاتے۔
ہفتہ بھر جانفشانی کرنے پر فیس کی عرضی کا سوچا۔ عام ثیوشن سنٹرز میں تو بھاری فیسیں وصول کی جاتی ہیں اور وہ بھی پہلے تین دن کے بعد ہی ڈیمانڈ کردیتے ہیں مگر ہم تو محلہ گیری کے ناطے نہ صرف ڈسکاؤنٹ دے رہے ہیں بلکہ ہفتے ہفتے بھر کا ٹرائل بھی جاری ہے۔
آٹھویں دن دھڑکتے دل کے ساتھ سب بچوں کو فیس کی یادہانی کرائی۔ اگلے دن بیٹھک کھولی تو بزمی صاحب بچوں کو لیے کھڑے تھے۔ ملتے ہی گلہ کرنے لگے۔ بولے " میاں اچھی ہمسائیگی دکھائی۔ دو چار دن بچے بھیجے تو فیس مانگ لی۔ اگر فیس ہی دینی تھی تو یہاں کیوں بھیجتے۔ ویسے بھی تمھاری پڑھائی اور کامیابیوں میں ہمارا بھی تو ہاتھ ہے۔ اللہ قسم تمھارے میٹرک سے بی اے تک کے لیے کتنی دعائیں مانگیں۔ تمھاری چچی (بزمی صاحب کی زوجہ) نے کیا کیا منتیں نہ مانیں۔ آج بھی لوگوں میں فخر سے تمھیں بھتیجا گردانتے ہیں اور تم ہو کہ اپنے گھر سے فیس کا مطالبہ کرنے لگے" ۔ بزمی صاحب خفا ہو کر دوسری جانب دیکھنے لگے۔ شرمندگی ہمارے چہرے کے خدوخال بگاڑنے لگی۔ معذرت خواہانہ انداز سے منمنائے اور عرض کی " چچا معذرت، آپکے بچوں کو فیس کا نہیں کہا ۔ یہ پیغام تو باقی پانچ بچوں کے لیے تھا"۔ آہ رزق کمانے کے لیے کیا پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں کچھ کچھ سمجھ آنے لگی۔ عرض کی"چچا!آپکے بچے تو میرے بھائی ہیں۔ بھلا بھائیوں سے کیسے فیس لوں۔ نہ جی نہ۔ مگر دوسروں سے فیس کا مطالبہ کرنے کے لیے سب کہ سامنے کہنا ضروری تھا" بولے " میاں میں بھی حیران تھا کہ اپنا بچہ ہو کر اب ہم سے فیس لے گا۔ میں تو تمھارے والد سے شکایت لگاتا مگر بھلا ہو تمھاری چچی کا جس نے پہلے تمھاری طرف بھیجا ، مبادا کوئی غلط فہمی ہی ہو". عرض کی "اس کو غلط فہمی ہی سمجھیں۔ میری خطا معاف کیجیے اور مطمئن ہو کر جائیے۔ آئندہ اپنے زباں و بیاں پر قابو رکھوں گا۔ چچی کے حضور بھی معذرت پہنچائیے گا". بزمی صاحب فاتحانہ انداز سے اٹھے اور گھر کی راہ لی۔ جناب گھر کی دہلیز پر پہنچے۔
اب جو اوسان بحال ہوئے تو دیکھا وسیم صاحب کے بچے ابھی تک نہ آئے۔ استفسار سے بھی کوئی وجہ سامنے نہ آئی۔ البتہ علیم صاحب کے بچے بتانے لگے کہ امی آپ سے خود بات کریں گیں۔ اگلے دن ثیوشن ٹائم سے کچھ پہلے ہی گھر میں علیم صاحب کی زوجہ بچوں کو لیے آن وارد ہوئیں۔ یماری والدہ کے پاس جا بیٹھیں۔ نہ جانے کان میں کیا کچھ کہا کہ والدہ نے بلا بھیجا۔ حاضر ہوئے تو سخت لہجے میں کہنے لگیں۔ "بیٹا! یہ خاتون تمھاری بہن اور میری بیٹی جیسی ہے۔ اور اس رشتے سے یہ بچے تمھارے بھانجے ۔ اب بھانجوں سے فیس لینا باعث شرمندگی ہوگا۔ آئندہ اس طرح کے مطالبات نہ کرنا۔ اور مجھ بوڑھی کو محلہ داروں کے سامنے رسوا نہ کرنا . " اماں سانس لینے کو رکیں تو نظر اٹھائی۔ اماں بھی بے بس نظر آئیں۔ تکلف و شرافت میں۔ مہمان کی طرف رخ کیا اور بولیں "بیٹی اب میں نے سمجھا دیا ہے۔ تو پریشان نہ ہو۔ اور سنا کیا چل رہا ہے". جواب میں محترمہ اپنے نئے گھر کی تعمیر اور پھر اپنی تازہ خریداری (شاپنگ) کی تفصیلات بتانے لگی۔ جن میں کپڑے٫ جوتےاور زیورات کا ذکر نمایاں تھا۔ اماں بے زاری سے سنتی رہیں۔
اگلے دو دن تذبذب میں گزرے۔ نفری سات سے چار رہ گئی۔ وسیم صاحب کے بچے نہ آئے۔ ہاں اب وسیم صاحب کی دکان پر بھی جانا ہوتا تو سرد مہری سے ہی معاملہ کرتے۔ بزمی صاحب (ہمارے خود ساختہ چچا ) اور علیم صاحب کے بچے آتے رہے۔ مگر ہمارا دل پڑھانے سے اچاٹ ہوگیا۔ کیا فائدہ ایسی محنت کا جس کا حاصل حصول کچھ نہ ہو۔ سوچا تھا دو چار پیسے کما کر گھر والوں کا ہاتھ تو نہ بٹتا مگر اپنا بوجھ والد کے کندھوں سے کچھ کم ہوجاتا مگر محلے والوں کی محلے داری نے بوجھ تو کم نہ کیا بلکہ اپنے احسانوں تلے دبا دیا۔
اگلے دن ہی وقت سے پہلے ٹیویشن سنٹر کا چارٹ اتار پھینکا۔ وقت مقررہ پر بیٹھک بھی نہ کھولی۔ بزمی صاحب کے بچوں نے دستک دی تو کہلا بھیجا کہ ٹیوشن سنٹر بند کردیا ہے۔ اب کچھ اور مصروفیت ہے۔ جبکہ علیم صاحب کے بچوں نے دستک کی زحمت بھی گوارہ نہ کی۔ لگتا ہے کہ میری خودساختہ بہن نے ہوا کا رخ بھانپ لیا تھا ۔