آج فلسطین کا حال ہمارے سامنے ہے کہ کس طرح عورتوں کی عزتیں اور سہاگ لٹ رہے ہیں۔ کس طرح بچوں کو یتیم کیا جا رہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق مرنے والوں میں 60 فیصد سے زائد عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ فلسطین چونکہ تین مذاہب کے لیے مقدس سرزمین ہے، مسلمانوں کا قبلۂ اول ہے اور انبیاء کی سرزمین ہے، اس کے باوجود ہم اس کی حفاظت کے لیے کچھ نہیں کر پا رہے۔
ہم امام مہدیؑ کا انتظار کر رہے ہیں۔ فرض کریں، ہمیں بتا دیا جائے کہ آپ کے کسی بہت قریبی عزیز کی وفات بخار سے ہوگی اور اس عزیز کو بخار ہو جائے تو کیا آپ اب اس کے کفن کا انتظام کریں گے یا اسے بچانے کی کوشش کریں گے؟ امام مہدی کا آنا حق ہے، مگر یہ کس نے کہا کہ وہ ابھی آئیں گے؟ ہم نے خود ہی فرض کر لیا ہے اور آرام سے گھروں میں بیٹھے ہیں کہ امام مہدی آ کر سب سنبھال لیں گے۔
اس متعلق اللہ رب العزت قرآن کی سورۂ توبہ میں فرماتا ہے کہ جو جہاد نہیں کرتے، دراصل اللہ نے ان کے دلوں پر مہر لگا دی ہے اور اللہ تب مہر لگاتا ہے جب ہم اپنی سرکشی میں حد سے نکل جاتے ہیں۔
غزوۂ تبوک کے وقت کچھ لوگ جو مال دار تھے، غزوے میں شامل ہونے سے انکار کر بیٹھے۔ ایک تو گرمی بہت تھی، دوسرا انہیں جان اور مال اللہ سے زیادہ عزیز تھے، اور پھر اللہ نے ان کے دلوں پر مہر کر دی اور وہ ساتھ نہ گئے۔ اللہ نے ان کا جنازہ پڑھانے سے بھی نبی علیہ السلام کو روک دیا۔ حکم دے دیا کہ ان کا جنازہ نہ پڑھنا کیونکہ یہ منافقین ہیں۔
بالکل آج یہی سب نہیں ہو رہا؟ آج مسلمانوں کو ہماری ضرورت ہے اور ہمیں اپنی زندگی، اپنا مال، اپنا خاندان اہم ہے۔ کسی کی اولاد یتیم ہوئی ہے تو ہوتی رہے، ہماری اولاد تو نہیں۔ کوئی بھوک سے مرتا ہے تو مرے، کس کو پرواہ ہے؟
اللہ اور رسول کا تو حکم یہ ہے کہ کسی غیر مسلم کو بھی تمہاری ضرورت ہو تو اس کی مدد کرو، اور مسلمانوں کی مدد کا تو درجہ ہی بہت زیادہ ہے۔ لیکن شاید اللہ نے ہمارے دلوں پر بھی مہر لگا دی ہے۔ اس لیے ہمارے ایمان کا تزکیۂ نفس سے آگے گزر ہی نہیں ہو پاتا۔
ارشادِ نبویؐ کے مطابق مسلمان تو ایسے ہیں جیسے ایک جسم کے مختلف اعضا۔ جب ایک کو درد ہو تو باقی بھی تڑپتے ہیں۔ لیکن آج خود پسندی کی انتہا ہے کہ ہمیں تکلیف ہی نہیں ہوتی۔
ہمارا ماضی وہ ہے کہ مائیں خود اپنی جوان اولاد کو اسلام کی سربلندی کے لیے بھیجتیں۔ مگر ہمارا حال یہ ہے کہ ہمیں اسلام کے لیے بولنے بھی نہیں دیا جاتا۔
اللہ فرماتا ہے کہ منافقین کے مال اور اولاد پر تعجب نہ کرنا، اللہ اسی لیے انہیں دیتا ہے تاکہ وہ دنیا ہی میں لگے رہیں۔ اللہ نے اسی لیے پاکستانیوں کو بہت کچھ دیا تاکہ ہمیں آخرت کی پرواہ نہ ہو۔ اور منافقین کے لیے جہنم کا عذاب، جبکہ جو نبی پاک کے ساتھ جنگ میں گئے، ان کے لیے بہشت ہے، جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے۔
اب اپنا تجزیہ خود کریں کہ ہمارے لیے کیا ہے؟
ہم جو ان پر دکھ اور افسوس کرتے ہیں، دراصل دکھ اور افسوس کے حق دار تو ہم ہیں۔ وہ تو شہید ہو کر سیدھے جنت میں پہنچ جائیں گے۔ اصل آزمائش تو ہماری ہے کہ ہم نے کیا کیا؟ ہم جنگ میں ساتھ دینے والے ہیں یا پیچھے رہ جانے والے؟
ہمارا ماضی حضرت نسیبہؓ جیسی بہادر خواتین کا ہے کہ جب ان کی وفات ہوئی تو غسل دینے والے نے کہا کہ جسم کا ایک حصہ بھی ایسا نہیں جس پر تلوار کا نشان نہ ہو۔ اور ہم حسن و جمال کے معاملے میں حد درجہ محتاط لوگ کیسے گوارا کر سکتے ہیں کہ ہمیں چھوٹی سی آنچ بھی آئے۔
مگر آخرت۔۔۔۔۔