ادارہ
اسم — ادب، سماج، موسیقی
ISM — Literature, Society, Music
ایک ایسا علمی ادارہ جو اردو کی تخلیقی تحریر، سنجیدہ تحقیق اور موسیقی کے مطالعے کو ایک معتبر جگہ پر جمع کرتا ہے۔
نام کیوں «اسم»؟
اردو میں «اسم» کے معنی نام کے ہیں — اور نام وہ پہلی چیز ہے جو کسی شے کو وجود عطا کرتی ہے۔ مگر ہمارے یہاں یہ لفظ ایک اور کام بھی کرتا ہے: یہ تین حرفوں کا مجموعہ ہے، اور ہر حرف ادارے کے ایک شعبے کی نمائندگی کرتا ہے۔
ادب، سماج اور موسیقی کو الگ الگ خانوں میں رکھنے کی روایت نئی ہے۔ کلاسیکی روایت میں شاعر موسیقی جانتا تھا، موسیقار شعر سمجھتا تھا، اور دونوں اپنے سماج کے اندر سانس لیتے تھے۔ اسم اسی رشتے کو دوبارہ قائم کرنے کی ایک کوشش ہے۔
- ادبشاعری، افسانہ، ناول، تنقید اور تخلیقی نثر
- سماجتہذیب، تاریخ، لسانیات اور سماجی مطالعات
- موسیقیکلاسیکی موسیقی، راگ، گائیکی اور موسیقی کی تحقیق
مقصد
اردو کے تخلیقی اور تحقیقی سرمائے کو ایک ایسی جگہ محفوظ کرنا جہاں وہ آسانی سے دستیاب ہو، درست حوالے کے ساتھ ہو، اور آنے والے وقت میں بھی قابلِ رسائی رہے۔
نصب العین
ایک ایسا ڈیجیٹل ادارہ جس پر طالبِ علم، محقق اور عام قاری یکساں اعتماد کر سکیں — نہ سنسنی، نہ اشتہار، صرف کام۔
ادارتی فلسفہ
ہر تحریر پڑھی جاتی ہے۔ منظوری کا فیصلہ لکھنے والے کے نام سے نہیں، تحریر کے معیار سے ہوتا ہے۔ رد کرنے کی صورت میں وجہ بتائی جاتی ہے۔


نشان کی تفسیر
- محراب — برصغیر کی عمارتی روایت کا وہ نشان جو دروازے اور علم دونوں کی علامت ہے۔
- کھلی کتاب — ادب اور تحقیق، ادارے کی بنیاد۔
- انسانی اجتماع — سماج، جس کے بغیر ادب محض کاغذ ہے۔
- سُر اور ساز — موسیقی، جو اس روایت کی سب سے کم لکھی گئی مگر سب سے زیادہ سنی گئی صنف ہے۔
مدیرِ اعلیٰ
اقدس ہاشمی
Aqdas Hashmi
اقدس ہاشمی کا تعلق پوٹھوار کے اس خوانوادہ بنو ہاشم سے ہے جس نے اس خطے کو علمی، ادبی، مذہبی ، سیاسی و سماجی ہر طرح کی شخصیات سے نوازا۔ جن میں ، حضرت بدرالملک ہاشمی، حضرت دیوان شاہ ہاشمی، حضرت فضل شاہ ہاشمی، حضرت محمد شاہ ہاشمی، حضرت ولایت حسین شاہ ہاشمی اور سائیں اشرف ہاشمی جیسے اولیاء کرام شامل ہیں۔ اس خوانوادہ نے اس خطے میں علم و ادب کے فروغ کے لیے اپنی خدمات سر انجام دیں اور اس حوالے سے کئ شخصیات منظر عام پر آئیں جن میں پروفیسر عزیز احمد ہاشمی ، قاضی دوست محمد ہاشمی، صاحب دین ہاشمی اور فرزند علی ہاشمی شامل ہیں۔ اقدس ہاشمی نے بھی درس و تدریس کے ماحول میں پرورش پائ اور تعلیم حاصل کی۔ ابتداء ہی سے نعت خوانی کا شوق طبیعت کا حصہ تھا۔ چنانچہ سکول و کالج میں عرصہ تعلیم کے دوران اپنے شوق کی آبیاری کرتے رہے اور مختلف ایوارڈز بھی حاصل کرتے رہے۔ شاعری اور موسیقی کا ذوق اپنے خاندانی نسب کی معرفت خداوند تعالیٰ کی ودیعت تھا جس کی ابتداء قوالی سے ہوئ۔ اپنے اس شوق کی تکمیل کے لیے مختلف مواقعوں پر قوالی بھی پیش کرتے رہے جن میں راولپنڈی آرٹس کونسل، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دیگر ادبی پروگرامات و محافل وغیرہ شامل ہیں۔ آپ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے اردو ادب میں بی ایس کی ڈگری لی اس دوران آپ کے شاعرانہ ذوق کو جلا ملی اور آپ غزل گائیکی کی جانب متوجہ ہوۓ۔ آپ نے اس دوران مختلف ادبی و ثقافتی کانفرنسوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔ کلاسیکی پنجابی شاعری سے آپکو بالخصوص لگاؤ ہے اور آپ کرٹین ریزر پروڈکشن کے ٹھیٹر ڈرامے " میں ہاں وارث" میں وارث شاہ کی ہیر گا کر اہل ذوق کی داد سمیٹ چکے ہیں اور اس ضمن میں ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ شاہ حسین، بلھے شاہ، میاں محمد بخش کے کلام بھی بہت شوق سے گاتے ہیں۔ آپ مختلف مواقعوں پر نیشنل ٹیلی ویژن کے پروگراموں کا حصہ بنتے رہتے ہیں۔ کرٹین ریزر پروڈکشن کے شیر اہتمام ریکارڈ کیا گیا آپکا قصیدہ بردہ شریف 2020 میں ماہ رمضان میں پی ٹی وی نیٹ ورک کی نشریات کا حصہ بنا اور پوری دنیا میں دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ آپ اور لائف کی مارننگ ٹرانسمشن "صبح عظیم " میں بھی روزانہ کی بنیاد پر صوفیانہ و عارفانہ کلام اردو، پنجابی اور فارسی میں پیش کر چکے ہیں جن کی تعداد تقریباً 50 ہے۔ قوالی و محفل سماع سے خاص شغف رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آپ نے اپنی ایم ایس میڈیا سائینسز کی ڈگری جو کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی سے حاصل کی ، میں قوالی پر تحقیق کر کے اپنے شوق کو علمی و تحقیقی پہلو رنگ بھی عطا کیا اور ایک قابل قدر امر ہے۔ آپ ڈاکومنٹری میکنک سے بھی لگاؤ رکھتے ہیں اس ضمن میں پروفیسر یاسر اقبال کے ایم فل کے مقالے " غزل گائیکی کے اسالیب" ، ڈاکٹر عبدالواجد تبسم کے پی ایچ ڈی کے مقالے" اردو غزل میں ہندی عناصر" ڈاکٹر حمیرہ اشفاق کے ناول" می سوزم" اور نوجوان شاعر نوید ملک کی طویل نظم " منقوش" کو بھی دستاویزی فلم کا پیرہن پہنا چکے ہیں۔ آپ کو اداکاری میں بھی دلچسپی ہے چنانچہ اور لائف کے کامک سیریز " گلشن آئ ٹی سولیوشن" جو کہ کرٹین ریزر پروڈکشن کے تحت پیش کیا جا رہا ہے میں ایک مزاحیہ کردار " استاد درمیانے خاں " کے روپ میں چھوٹی سکرین پر بھی جلوہ گر ہو چکے ہیں۔ آپ باقاعدہ لکھاری بھی ہیں اور مختلف موضوعات پر آپ کے کالم و مضامین اخبارات، ویب سائٹس اور رسائل و جرائد کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ 16 اکتوبر 2022 کو پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی کی جانب سے آپ کے اعزاز میں شام غزل کا انعقاد کیا گیا۔ آپ دور حاضر میں نوجوان نسل کے نمائندہ دانشور ہیں۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن میں ڈاکٹریٹ کر رہے ہیں۔ آپ ادبی و ثقافتی تنظیم ادبستان کے بانی بھی ہیں اور معاشرے میں علم و ادب کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنی تہذیب و ثقافت کی بقا اور احیاء کے بارے میں نہایت سنجیدہ رویہ رکھتے ہیں۔ گورنمنٹ سرور شہید نشان حیدر ایسوسی ایٹ کالج گوجر خان میں اردو کے لیکچرار کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ اپنی تمام تر صلاحیتوں اور قابلیتوں کو اپنی والدہ کی توجہ اور دعاؤں کا ثمر قرار دیتے ہیں۔ آپ کا ایک شعر ملاحظہ ہو آباد جہاں رہتا ہے یوں میرے دروں میں باہر کے لوازم کی ضرورت نہیں رہتی
- شائع شدہ تحریریں
- 19
- نقدوتحقیق
- 3
- اشاریے کے عنوانات
- 596
- اہلِ قلم
- 12
مدیر
سندس ہاشمی
Sundas Hashmi
سندس ہاشمی پاکستانی محققہ، انشائیہ نگار اور اردو ادب کی طالبہ ہیں۔ انھوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے اردو میں ایم فل کیا ہے اور تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان کی علمی و تحقیقی دل چسپیوں کا محور اردو ادب، ادبی تنقید اور بین المتونیت ہے۔ ایم فل کے تحقیقی مقالے میں انھوں نے انور سدید کے پانچوں مجموعہ ہائے خاکہ کا تحقیقی و تنقیدی مطالعہ کیا جس کا موضوع ’’انور سدید کے خاکوں میں بین المتونیت کے عناصر: تحقیقی و تنقیدی مطالعہ‘‘ ہے۔ علمی و تحقیقی تحریروں کے ساتھ شعر گوئی، انشائیہ نگاری اور خیالیچے ان کی تخلیقی شخصیت کے نمایاں پہلو ہیں۔ جرمن شعرا پر فارسی ادب کے اثرات سے متعلق مطالعہ بھی ان کی تحقیق کا اہم حصہ ہے۔ اسی سلسلے میں انھوں نے ’’جرمن میں تحریکِ مشرق کی بازیافت: پیامِ مشرق کے دیباچے کے تناظر میں‘‘ کے عنوان سے تحقیقی مقالہ تحریر کیا، جس میں جرمن ادبی روایت اور فارسی شعری و فکری اثرات کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا گیا ہے۔ جرمن مستشرق پال ہورن کے مضمون ’’ہم فارس کے کتنے مقروض ہیں‘‘ کا اردو ترجمہ بھی کیا ہے جب کہ آسٹریائی مستشرق یوزف فان ہیمر-پورگشتال کی فارسی خدمات کے حوالے سے ایک تحقیقی مقالہ تحریر کیا ہے۔ جرمن اور فارسی ادبی و فکری روایت کے اس مطالعے کو وہ ایک جاری تحقیقی سفر کے طور پر دیکھتی ہیں۔ وہ ادبی پلیٹ فارم ’’ادبستان‘‘ کی معاون بانی بھی ہیں اور اردو زبان و ادب میں تحقیقی و تنقیدی مکالمے کے فروغ میں دل چسپی رکھتی ہیں۔ سندس ہاشمی ’’اسم ادارۂ ادب، سماج و موسیقی‘‘ کی مدیر کی حیثیت سے موصول ہونے والی تحریروں کی جانچ، پرکھ اور معیار بندی کی ذمہ داری انجام دیں گی۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ادارے میں شائع ہونے والی ہر تحریر اپنے موضوع، علمی و فکری اہمیت، اسلوب اور تحقیقی معیار کے اعتبار سے معیاری ہو۔ موصولہ تحریروں میں موضوع کی معنویت، مواد کی صحت، استدلال کی مضبوطی، زبان و بیان کی درستی، اسلوب کی پختگی اور حوالہ جات کی صحت کو پیشِ نظر رکھا جائے گا۔ ادارے کا مقصد محض تحریروں کی اشاعت نہیں بلکہ ادب، سماج اور موسیقی سے متعلق سنجیدہ مطالعے، بامعنی مکالمے اور معیاری علمی و تخلیقی اظہار کے لیے ایک معتبر ادبی فضا فراہم کرنا بھی ہے۔ اس ضمن میں تحریروں کی موضوعاتی مناسبت، فکری گہرائی اور قارئین کے لیے افادیت کو اہمیت دی جائے گی تاکہ ’’اسم‘‘ علم و ادب سے وابستہ لکھنے والوں اور قارئین کے درمیان ایک بامقصد رابطے کا ذریعہ بن سکے۔
مکمل تعارف دیکھیںآگے بڑھیے
ادارے میں شریک ہوں
اسم — ادب، سماج، موسیقی