ادبLiteratureخاکہ

مردِ قلندر کی یاد میں

ڈاکٹر سلام اللہ7 منٹ کا مطالعہ

ایک مردِ قلندر کی یاد میں

​پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد مرحوم٬ وہ ہستی جن کی پُرعظمت یادیں دل کے نہاں خانوں میں ہمیشہ روشن رہیں گی۔‏ ان کی علمی سفر کی پہلی منزل 1997ء میں پبلک سروس کمیشن کے توسط سے گورنمنٹ کالج ڈگر کی صورت میں سجھی تھی۔ وہ اکثر مجھ سے بونیر اور ڈگر کالج میں بیتے ایام کا ذکر کرتے اور جب بھی ڈگر کالج کے بیتے دنوں کو یاد کرتے، ان کی آنکھوں میں ایک انوکھی چمک اور لہجے میں ایک اپنائیت سی گھل جاتی۔ گو کہ وہاں ان کا قیام محض چھ ماہ کا مختصر سا عرصہ تھا، اور پھر وہ پشاور یونیورسٹی سے وابستہ ہو گئے، مگر ڈگر کالج اور بونیر کی وہ مٹی ان کے دل کے بہت قریب رہی۔

​ڈگر کالج کے انھی ایام میں، ان کی فکری ہم آہنگی زوالوجی کے پروفیسر اقبال صاحب کے ساتھ خاصی گہری تھی۔ اقبال صاحب بتاتے ہیں کہ سہیل صاحب قلندرانہ مزاج کے حامل انسان تھے۔ بونیر میں قیام کے دوران وہ اکثر پیر بابا کے مزار کا رخ کرتے، وہاں کے ملنگ فقیروں کے پاس خاموشی سے جا کر بیٹھ جاتے، اور اس خلوت میں کچھ وقت گزارتے؛ ایسا کرنے سے انھیں ایک عجیب قلبی طمانیت ملتی تھی۔

​مگر ان کی یہ بے نیاز طبیعت صحت کے معاملے میں ذرا لاپروا تھی۔ اقبال صاحب یاد کرتے ہیں کہ وہ اکثر علیل رہا کرتے تھے، اور وہ بحیثیتِ سینئر اور بڑے ہونے کے ناطے بارہا ان سے محبت بھرا شکوہ کرتے ہوئے کہتے: "سہیل صاحب! آپ کو اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے، کچھ پرہیز بھی کیا کریں۔" اس پر سر سہیل مسکرا کر پیار سے جواب دیتے: "اقبال صاحب! میری عمر زیادہ سے زیادہ ساٹھ سال ہوگی؟ تو ان ساٹھ سالوں سے دس سال اور منفی کر دو، لیکن یہ پرہیز کی پابندیاں مجھ سے نہیں ہو سکتیں!"

​جب میں نے پشاور یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں ایم اے میں داخلہ لیا٬ تو پہلے دن کلاس میں ایک گول مٹول، سنجیدہ اور خاموش طبع شخصیت داخل ہوئی۔ طلبہ و طالبات کے لیے سب کچھ نیا تھا، کوئی کسی سے آشنا نہ تھا، اور پورا ماحول ایک خاموشی میں ڈوبا ہوا تھا۔ کلاس اس آنے والی شخصیت کو سننے کے لیے سہمے ہوئے، ہمہ تن گوش بیٹھی تھی۔ اس سنجیدہ نظر آنے والی شخصیت نے سر اٹھا کر اپنی چھوٹی معصوم سی آنکھوں سے کلاس پر ایک طائرانہ نظر دوڑائی اور گویا ہوئے: "میرا نام سہیل احمد ہے، میں آپ کو اردو ادب کی تاریخ کا کورس پڑھاؤں گا۔"

​آواز اتنی مسحور کن، لہجہ اتنا شائستہ اور انداز اتنا سادہ تھا کہ دل میں یونیورسٹی کے پروفیسر کا جو رعب و خوف بیٹھا ہوا تھا، وہ ایک ہی لمحے میں کافور ہو گیا۔ اسی ایک جملے میں اتنی اپنائیت اور محبت تھی کہ اس کے بعد جب بھی سر سہیل سے ملاقات ہوئی، دل میں ذرا برابر بھی جھجک محسوس نہیں ہوئی۔ عظیم لوگوں کی اصل خوبی ہی یہی ہوتی ہے کہ کوئی بھی انسان ان کے سامنے خود کو چھوٹا محسوس نہیں کرتا۔ سر سہیل ایم اے میں بنیادی طور پر ہمیں اردو ادب کی تاریخ اور جدید اردو نظم پڑھاتے تھے، لیکن انھیں برصغیر کی تاریخ پر جو عبور حاصل تھا، وہ لاجواب تھا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کی آمد، اس کی سازشوں، اور مغل حکمرانوں کی نااہلیوں اور رنگ رلیوں کو وہ جس پُرتاثیر اور جاندار انداز میں پیش کرتے، میں نے اتنی خوبصورتی سے تاریخ بیان کرتے ہوئے کسی اور بڑے تاریخ دان کو بھی کبھی نہیں سنا۔

​سر سہیل کے تمام شاگرد اس بات کی گواہی دیں گے کہ سر کے کہے ہوئے بے شمار جملے آج بھی سب کو ازبر ہیں۔ کلاس کا طریقہ کار یہ ہوتا کہ وہ ڈیڑھ گھنٹے سے اوپر لگاتار لیکچر دیتے، اور آخر میں ہمارے پرزور اصرار پر کہیں جا کر کلاس ختم کرتے۔ کلاس ختم ہونے کے بعد سوال و جواب کا ایک اور سیشن شروع ہوتا۔ اب ان عظیم لوگوں کا ظرف اور بڑا پن دیکھیے کہ جب کوئی ایسا سوال آجاتا جس کا فوری جواب ان کے مطالعے میں نہ ہوتا، تو وہ بڑے انکسار سے فرماتے کہ اس حوالے سے فی الحال میرا مطالعہ نہیں ہے، لہذا میں پڑھ کر جواب دوں گا؛ مگر جونہی وہ اسی سوال پر بولنا شروع کرتے، تو علم کے سمندر بہا دیتے! ہم طالب علم ایک دوسرے کو حیرانی سے تکتے رہ جاتے کہ جس موضوع پر سر اتنی وسعت اور گہرائی سے بول رہے ہیں، بھلا انھیں مزید کیا مطالعہ کرنے کی ضرورت تھی!

​سن دو ہزار اٹھارہ میں جب میرا پبلک سروس کمیشن میں ایس ایس اردو کا انٹرویو تھا، تو معلوم ہوا کہ سر سہیل بھی انٹرویو پینل میں شامل ہیں۔ جب یہ پتا چلا کہ سر میرا انٹرویو لیں گے، تو یقین کریں مجھ پر ایک عجیب سا خوف طاری ہو گیا کہ میں ایک ایسے انسان کے سوالات کے جواب کیسے دوں گا جن کے لیکچرز سن سن کر میں نے ادب کے دو چار لفظ سیکھے ہیں ادب کے اس بحرِ بیکراں کا سامنا کرنا میرے بس کی بات نہیں۔ انھی وسوسوں اور پریشانی کے عالم میں جب میں انٹرویو روم میں داخل ہوا اور سامنے سر کو دیکھا، تو پورا منظر ہی بدل گیا۔ سر سہیل کی نظروں میں اپنے شاگرد کے لیے جو اپنائیت اور شفقت میں نے دیکھی، اس نے میری ساری گھبراہٹ ایک پل میں دور کر دی۔ جب میں نے اپنا تعارف کرایا، تو پینل کے چیئرمین نے پوچھا: "آپ تو پروفیسر صاحب کے شاگرد ہوں گے؟" میں نے کہا: "یس سر!" اور یہ "یس سر" محض ایک روایتی جواب نہیں تھا، بلکہ دل کی گہرائیوں سے نکلی ہوئی وہ تائید تھی جس میں فخر، غرور اور اخلاص سب کچھ شامل تھا۔ اور بھلا میں فخر کیوں نہ کرتا؟ سر سہیل کی شاگردی کا شرف حاصل ہونا کوئی معمولی بات تو نہ تھی۔

​سر سہیل کا انٹرویو لینے کا انداز بھی نہایت متوازن اور دلنشین تھا۔ میں اکثر دوستوں سے کہتا ہوں کہ سر سہیل ایسے انٹرویو لیتے تھے جیسے ہم ان کے چھوٹے، معصوم اور سہمے ہوئے بچے ہوں، اور وہ ہمیں انگلی سے پکڑ کر کسی پرانی بازار کی سیر کرا رہے ہوں؛ ساتھ ساتھ ایک ایک دکان کے سامنے کھڑا کر کے پوچھتے جائیں کہ بتاؤ اس دکان میں کیا ہے؟ اور یوں پوری مارکیٹ کا چکر لگا کر ہر چیز پر ایک خاص ترتیب کے ساتھ ہاتھ رکھ کر پوچھتے جاتے ہیں۔

​انٹرویو کے آغاز میں سر نے پہلا سوال کیا: "آپ کیا کرتے ہیں آج کل؟"

میں نے عرض کیا: "سر! گاؤں کے ایک پرائمری اسکول میں پڑھاتا ہوں۔"

سر نے پوچھا: "کون سی جماعت کو پڑھاتے ہیں اور آخری سبق کون سا پڑھایا؟"

میں نے جواب دیا: "سر! جماعت چہارم کو پڑھاتا ہوں اور اردو میں قیوم نظر کی نعت پڑھا رہا ہوں۔"

سر نے اگلا سوال کیا: "وہ نعت کس ہیئت میں ہے؟"

میں نے جواب دیا: "فلاں..."

سر نے پھر پوچھا: "قیوم نظر کا تعلق کس تحریک سے رہا؟"

میں نے کہا: "حلقہ اربابِ ذوق۔"

سر کا اگلا سوال: "حلقہ اربابِ ذوق کا بنیادی نعرہ کیا تھا؟"

​... اور یوں ہی نہایت آسان اور بنیادی سوالات سے شروع کر کے سر سہیل انٹرویو کو آگے بڑھاتے چلے گئے۔ سچ کہوں تو سر سہیل کے اس انٹرویو جتنا لطف میں نے زندگی میں کسی اور انٹرویو میں کبھی محسوس نہیں کیا۔

​اللہ ہمارے پیارے، شفیق اور محسن استادِ محترم کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین!

مزید پڑھیے

سب دیکھیں
منتخب

ٹیوشن سنٹر

ٹیوشن سنٹر ابا جی کے مشورے پر میں ایک سفید چارٹ اور کالا ماکر لے آیا اور اپنی ٹوٹی پھوٹی لکھائی میں "ٹیوشن سنٹر ۔ شام 5 بجے سے…

9 منٹ کا مطالعہ
منتخب

افتخار عارف- اُردو ادب کا معتبر حوالہ

اُردو ادب کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جو محض اپنے تخلیقی سرمایے کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے عہد کی تہذیبی، فکری اور ادبی نمائندگی…

9 منٹ کا مطالعہ