کہوٹہ کی جدید شناخت اس کی جوہری تنصیبات ہیں جو قومی دفاع کی پہچان سمجھی جاتی ہیں، لیکن اس شہر کی تاریخ اس سے کہیں زیادہ پرانی اور تہہ دار ہے۔ اسی شہر میں ایک ایسا گردوارہ بھی تھا جس کی مضبوط دیواریں اور آہنی دروازے ایک برادری کی عقیدت اور تحفظ کی علامت تھے۔
اندرونِ شہر ایک تنگ گلی سے گزرتے ہوئے اچانک میری نظر ایک نئی دیوار پر نصب تختی پر پڑی: ’’تعمیر باؤنڈری وال، محلہ راجگان، کمیونٹی سنٹر‘‘۔ میں ٹھٹھک کر رک گیا۔ یہ تو وہی جگہ تھی جہاں کئی سال پہلے گردوارے کی تلاش میں آیا تھا۔ تب عمارت کی نشانیاں مٹ چکی تھیں اور ایک خالی چبوترے کے سوا کچھ باقی نہ تھا۔ ایک لمحے کو شبہ ہوا کہ شاید میں غلط گلی میں آ نکلا ہوں، مگر نہیں؛ اب اسی جگہ ایک نئی دیوار کھڑی تھی۔
کسی تاریخی عمارت کے لیے اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے کہ وہ منہدم ہو جائے؟ شاید اس سے بھی بڑی یہ کہ اس کا کھنڈر بھی باقی نہ رہے۔ کھنڈر ماضی کے وجود کی نشانی ہوتا ہے۔ وہ سوال اٹھاتا ہے، گزرے وقت کی گواہی دیتا ہے اور کسی راہ گیر کو ٹھہر کر سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ یہاں کبھی کچھ تھا۔
امردیپ سنگھ کی کتابوں Lost Heritage: The Sikh Legacy in Pakistan اور The Quest Continues میں اس گردوارے کا ذکر نہ ملنے کا جو ملال مجھے پہلے تھا، وہ اس جگہ کو بے نشان دیکھ کر کہیں بڑھ گیا۔ تاریخی اہمیت کے باعث سکھ یاتری گاہے بگاہے یہاں آتے رہے ہیں، مگر اب گردوارے کی عمارت کے بجائے ایک خالی چبوترے اور اس پر قائم نئی دیوار کے سوا اس کی شناخت کا کوئی نمایاں نشان باقی نہیں رہا۔
احاطے میں بچے کرکٹ کھیل رہے تھے۔ اندر داخل ہوا تو سامنے وہی چبوترہ تھا جس پر کبھی گردوارہ کھڑا تھا۔ کمیونٹی سنٹر کی چاردیواری کے لیے نئی بنیاد کھودنے کی ضرورت نہیں پڑی؛ باؤنڈری وال عین اسی چبوترے پر قائم کی گئی تھی۔ احاطے کے دونوں گیٹ بھی تقریباً وہیں تھے جہاں گردوارے کے بیرونی دروازے ہوا کرتے تھے۔
رنجیت سنگھ کے عہد میں کہوٹہ کشمیر جانے والی سڑک پر ایک اہم پڑاؤ بن چکا تھا۔ سکھ تاجروں اور مہاجنوں کی آباد کاری نے شہر کی معاشی اور سماجی زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ شہر اور گردونواح میں باؤلیاں، کنویں، باغات، اسکول اور عبادت گاہیں تعمیر ہوئیں۔ کہوٹہ کے لیے ’’سکھی دا بوٹا‘‘ کی تعبیر بھی ملتی ہے، جو یہاں سکھوں کی نمایاں موجودگی کا اشارہ ہے۔ ایسے ماحول میں شہر کے مرکز میں ایک بلند اور مضبوط گردوارے کی تعمیر محض عبادت گاہ کا قیام نہیں، بلکہ ایک فعال برادری کی اجتماعی زندگی اور سماجی موجودگی کا اظہار بھی تھی۔
سلیم غوری کہوٹہ کے پرانے سیاسی کارکن ہیں اور ان کا گھر گردوارے کے قریب ہے۔ ان کے مطابق عمارت کی دیواروں میں محراب نما طاقیں تھیں اور ستونوں پر مقدس شخصیات کی تصاویر بنی ہوئی تھیں۔ آہنی دروازے، فولادی گارڈرز اور سنگِ مرمر کا فرش اس کی نمایاں خصوصیات تھیں۔ گردوارے کے اردگرد خوشحال سکھوں کے مکانات تھے۔ مقامی نوجوان وقار احمد چوہدری کے مطابق، تقریباً آٹھ برس پہلے ایک سکھ یاتری گردوارے کا مقام دیکھنے آیا تو عقب کی ایک حویلی پر گرمکھی میں لگی تختی پڑھ کر اس نے بتایا کہ اس پر ’’میجر رام سنگھ، 1931‘‘ درج ہے۔
گردوارہ صرف عبادت گاہ نہیں تھا؛ ہنگامہ خیز وقت میں اسے پناہ گاہ بھی بننا تھا۔ کسے معلوم تھا کہ ایک دن انہی دیواروں کے پیچھے لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے پناہ لیں گے، اور کئی دہائیوں بعد یہ عمارت خود ماضی کا حصہ بنا دی جائے گی۔ اس عمارت کی اہمیت سمجھنے کے لیے ہمیں مارچ 1947ء کی طرف لوٹنا ہو گا۔
6 مارچ 1947ء کو کہوٹہ میں یہ خبر پہنچ چکی تھی کہ تھوہا خالصہ، نارا اور تحصیل کہوٹہ کے دیگر مقامات پر گھیراؤ، آتش زنی اور قتل و غارت شروع ہو گئی ہے۔ اگلے ہی دن، 7 مارچ کو، شہر بھی اس تشدد کی لپیٹ میں آ گیا۔ بازار میں سکھوں کی دکانوں کو آگ لگا دی گئی اور شہر کے سکھ اور ہندو باشندے اسی بڑے گردوارے میں محصور ہو گئے۔
کرنل راجہ ولی محمد اور آنریری کیپٹن محمد بنارس کھٹڑ اس واقعے کے عینی شاہد تھے۔ ان کی یادداشتوں، ’’داستان کہوٹہ‘‘ اور ’’ہر دم جواں ہے زندگی‘‘ کے مطابق، گردوارہ سکھوں اور ہندوؤں کے لیے ایک قلعہ ثابت ہوا۔ دو دن تک گولیوں کا تبادلہ ہوتا رہا اور محصورین اندر پناہ لیے رہے۔ اس کی مضبوط دیواریں اس وقت ان کے لیے حفاظتی حصار بن گئی تھیں جب شہر کی فضا خطرے سے بھر چکی تھی۔ 9 مارچ کو گورکھا رجمنٹ پہنچی؛ محصورین کو گردوارے سے نکال کر پہلے قریبی ریسٹ ہاؤس اور پھر راولپنڈی کے پناہ گزین کیمپوں تک پہنچایا گیا۔
تقسیم کی ہنگامہ خیزی تھمی تو گردوارے میں پرائمری اسکول کھول دیا گیا۔ عابد وحید کھٹڑ 1972ء سے 1974ء تک اسی اسکول میں پڑھتے رہے۔ ان کی یادداشت میں مشرقی گیٹ سے داخل ہو کر دو منزلہ عمارت کے مرکزی ہال تک پہنچنا اب بھی محفوظ ہے۔ چھت پر فولادی گارڈرز نمایاں تھے اور سردیوں میں کلاسیں چھت پر لگتی تھیں۔ یوں عبادت گاہ نے اپنے اصل آبادکاروں کے چلے جانے کے بعد بھی شہر کے بچوں کو تعلیم دینے کا کام جاری رکھا۔
اسکول کے بعد عمارت کی کہانی بتدریج نظرانداز کیے جانے کی کہانی ہے۔ رواں صدی کی پہلی دہائی میں ٹی ایم اے کہوٹہ کو عمارت کو اطراف سے نقصان پہنچائے جانے کی اطلاعات ملنے لگیں۔ تقریباً پندرہ بیس برس پہلے بلدیہ نے اسے خطرناک قرار دے کر منہدم کرنے کا فیصلہ کیا اور وقف املاک بورڈ کی اجازت کے بعد اس پر عمل درآمد کر دیا گیا۔
گردوارے سے پہلے بننے والی کئی عمارتیں، مثلاً خالصہ اسکول، تحصیل آفس، ویٹرنری ہسپتال اور ہائی اسکول، آج بھی موجود ہیں۔ اس کے آس پاس کے کئی قدیم مکانات بھی کھڑے ہیں۔ ان کا برقرار رہنا یہ ثابت نہیں کرتا کہ گردوارہ بھی بچ سکتا تھا؛ عمارت کی خستہ حالی اور وسائل کی کمی اپنی جگہ حقیقت ہو سکتی ہے۔ مگر یہ سوال پھر بھی جواب چاہتا ہے کہ کیا انہدام سے پہلے مرمت یا جزوی تحفظ کے امکانات پر غور کیا گیا تھا؟
کہوٹہ کی تاریخ صرف آج کے کہوٹہ کی تاریخ نہیں، یہ ان کی بھی ہے جو یہاں سے ہجرت کر گئے۔ بہت سی مسجدوں اور دو مندروں کے درمیان قائم یہ گردوارہ بھی اسی شہری منظرنامے کا حصہ تھا جہاں مختلف برادریاں اپنی عبادت گاہوں کے ساتھ ایک ہی فضا میں رہتی تھیں۔
مغرب کی اذان ہو چکی تھی، مگر میچ جاری تھا۔ بچوں کے شور میں زندگی اپنی پوری بے فکری کے ساتھ رواں تھی، اور میں اسی شور کے بیچ، گم شدہ گردوارے کی گونج میں ڈوبا سوچ رہا تھا کہ کیا نئی زندگی کو جگہ دینے کے لیے پرانی زندگی کو بے نام و نشان کرنا ضروری ہے؟ کیا اس گردوارے کی یاد کو محفوظ رکھنے کے لیے ’’سابقہ مقامِ گردوارہ، کہوٹہ‘‘ کی ایک تختی نہیں لگائی جا سکتی؟ یہ سوال گردوارے کی تاریخی یادداشت کا نہیں، اس شہر کی تہذیبی توقیر کا ہے۔