مضمون · نثرProse
موسیقی ،لسانیات اور شاعری کی مشترکہ صوتیات
The shared acoustics of music, linguistics, and poetry.
پروفیسر عنوان چشتی نے اپنی کتاب’’معنویت کی تلاش‘‘ میں لسانیاتی موسیقی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاعری میں دو طرح کی موسیقی ہوتی ہے ایک مجردآوازوں کی موسیقی جس کا تعلق حروف سے ہوتا ہے اور دوسری بامعنی آوازوں سے تشکیل پانے والی موسیقی جو الفاظ، تراکیب اور مصرعوں کے دائرے میں آتی ہے۔اس بامعنی موسیقی میں مجرد آواز یعنی حروف کی موسیقی بھی شامل ہوتی ہے۔شاعری کی تشکیل میں لسانیاتی موسیقی کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔اب آئیے ذیل میں مجرد آوازوں اور بامعنی آوازوں کا جائزہ لیتے ہیں۔
اردو میں حروف تہجی کی صوتیات کا موسیقی کی حروف تہجی یعنی سرگم کاآپس میں گہرا تعلق ہے۔بلکہ غور کریں تو اردو کی حروف تہجی کی سلسلہ بندی غنائی ترتیب کے تحت ہے۔جس طرح سرگم میں ہر ُسراپنی صوت کے اعتبار سے بنیادی اکائی تصور کیا جاتا ہے اسی طرح اُردو کی حروف تہجی میں بھی ہر حرف کی صوت ایک بنیادی اکائی کا درجہ رکھتی ہے۔موسیقی میں سرگم اور اردو حروف تہجی کے باہمی ربط پر گفتگو کرنے سے پہلے موسیقی کی سرگم کے متعلق کچھ بنیادی باتیں جان لیتے ہیں۔تاکہ لسانیات اور موسیقی کا تعلق سمجھنے میں مدد مل سکے۔ہماری موسیقی یعنی ہندوستانی موسیقی کی گرائمر میںسرگم یعنی سات سُر بنیادی اہمیت کے حامل ہیں انھی سات سروں سے ہمارے راگ اور نغمے تشکیل پاتے ہیں۔ان سات سروں کی ترتیب مندرجہ ذیل ہے۔
سا کھرج
رے رکھب
گا گندھار
ما مدھم
پا پنچم
دھا دھیوت
نی نکھاد
ان سات سرُوں میں کھرج اور پنچم(سا اورپا)کے علاوہ باقی ہر سُر کوپنڈتوں نے دو دو حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔یعنی سا اور پا اَچل(قائم) سُر ہیںباقی ہر سر کومل اور تیور سروں پر مشتمل ہے ۔کومل کے معنی ملائم کے ہیں۔کومل سُروں کا صوتی تناسب تیور سروں سے کم ہوتاہے یعنی کومل سُر اترے ہوئے ہوتے ہیں جبکہ تیور سروں کا صوتی تناسب چڑھا ہوا ہوتا ہے ، کومل سروں کا تاثر ملائم ، لطیف اور مدھم ہوتا ہے۔جبکہ تیور سُر شوخ، تیز اور تیکھے مزاج کے حامل ہوتے ہیں۔ان کی صوت کومل سروں کی نسبت تیز اور چڑھی ہوئی ہوتی ہے۔سرگم میں کومل اور تیور سروں کی ترتیب ذیل میں ملاحظہ کریں۔ دائیں سے بائیں
سا رے (کومل) رے (تیور) گا(کومل) گا(تیور) ما( کومل) ما( تیور)
پا(اچل) دھا(کومل) دھا( تیور) نی( کومل) نی( تیور)
اگر ہارمونیم میں کسی بھی سپتک(گرام) میں سے یہ سُر ترتیب میں بجائیں تو ان کی آواز بتدریج بڑھتی چلی جائے گی۔انھی کومل یا تیور ُسروں پر ہمارے را گ راگنیاں بنائی گئی ہیں۔اور کسی بھی دھن کو ترتیب دیتے ہوئے انھی کومل یا تیور سروں کا استعمال ہوتا ہے ۔اگر راگ یا کسی نغمے کی دھن تیور سُروں پر مشتمل ہوگی تو اس راگ یا دھن کا رس(Mood) تیکھا یا شوخ ہوگا ۔اگر کومل سُروں پر مشتمل کوئی غنائی ترکیب ہوگی تو اس کا تاثر ملائم، نازک اور لطیف ہوگا۔
سروں کی اس تقسیم کے بعد آئیے اب اردو حروف تہجی کی ترتیب دیکھتے ہیں۔جس میں ہر گروہ کا ہر حرف اپنی صوت کے اعتبار سے ایک سر کی حیثیت رکھتا ہے ۔اور ہر گروہ کی سلسلہ بندی غنائی ترتیب کے تحت کی گئی ہے۔جس کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔
پہلی سلسلہ بندی (ب۔پ۔ت۔ٹ۔ث)
دوسری سلسلہ بندی (ج۔چ۔ح۔خ)
تیسری سلسلہ بندی (د۔ڈ۔ذ)
چوتھی سلسلہ بندی (ر۔ڑ۔ز۔ز)
پانچویں سلسلہ بندی (س۔ش۔ص۔ض)
چھٹی سلسلہ بندی (ط۔ظ۔ع۔غ)
ساتویں سلسلہ بندی (ف۔ق۔ک۔گ)
آٹھویں سلسلہ بندی (ل۔م ن۔و)
نویں سلسلہ بندی (ہ۔ئ۔ی۔ے)
الف کو چھوڑ کراِن حروف کو سُریں تسلیم کر کے اب ان میں ہر سلسلہ بندی کی غنائی ترتیب دیکھیںتو واضح ہو جائے گا کہ پہلی سلسلہ بندی میں ب کومل ہے ،پ تیور ہے،ت کومل ہے ،ٹ تیور ہے اور ث کومل ہے ۔اسی طرح دوسری سلسلہ بندی میں ج کومل ہے ،چ تیور ہے،ح کومل ہے اورخ تیور ہے۔تیسری سلسلہ بندی میں د کومل ہے ،ڈ تیور اور ذ کومل ہے۔اسی طرح آپ ذہن میں سرگم کے تصور کو قائم کرکے حروف تہجی کی غنائی ترتیب پر غور کریں تو پہلا حرف اپنی صوت کے اعتبار سے کومل یعنی نرم و ملائم اور دوسرا حرف تیور چڑھا ہوا شوخ دکھائی دے گا۔جس طرح موسیقی کی سرگم میں دو سر سا اور پا اچل تصور کیے جاتے ہیں اسی طرح اردو زبان کی حروف تہجی میں بھی دو حروف اچل تصور کیے جاتے ہیں ایک ل اور دوسرا (م ن) م ن کو ایک حرف اس لیے تسلیم کیا جارہا ہے کہ ان کا اکثر استعمال کسی بھی لفظ میں ایک ساتھ آتا ہے ۔اور ان دونوں کی صوت ایک دوسرے میں ضم ہوجاتی ہے۔مثلا ً انبالہ اور امبالہ ، انب اور آم وغیرہ۔
ڈاکٹر سہیل بخاری اپنے مقالے ’’اردو زبان کی بنیادی آوازیں‘‘ میں حروف تہجی کو سرگم سے ملاتے ہیں ان کے نزدیک حروف تہجی میں وہ حروف جن کی صوت بڑھتی اور گھٹتی ہے انھیں حروف علت (vowel ) تسلیم کیا جاتا ہے اور جو حروف اپنی صوت کے اعتبار سے ساکن ہیں انھیں حروف صحیح(consonant)کہا جاتا ہے۔ڈاکٹر صاحب حروف علت کو سُر سے تعبیر کرتے ہیں اور حروف صحیح کو اَ سُر قرار دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ:
’’اُردو زبان کے لب و لہجے میں صوتی آہنگ غنائیت اور شرینی کی کارفرمائی پر روشنی ڈالتا ہے۔ موسیقی اور زبان دونوں میں آواز مشترکہ عنصر ہے، تاہم موسیقی میں فقظ سُر استعمال ہوتے ہیں جب کہ زبان میں سُر اور اَسُر دونوں استعمال ہوتے ہیں۔موسیقی میں مفرد سُر استعمال ہوتے ہیں جب کہ زبان میں معنویت کا انحصار مختلف آوازوں کے باہم ملنے پر ہے۔موسیقی میں سات سُر ہوتے ہیں جبکہ اردو زبان میں چوبیس سُر ہیں۔یہی اس کی موسیقیت اور نغمگی کا سبب بھی ہے۔‘‘(١)
سید عابد علی عابد نے بھی اردو حروف تہجی اور موسیقی کی سرگم کوصوتی اعتبار سے ایک دوسرے کے مماثل قرار دیا ہے ۔ان کے نزدیک بھی کومل سروں یا کومل حروف کا تاثر لطیف ، مدھم اور نازک ہوتاہے جبکہ تیور سر یا تیور حروف تیز ، شوخ اور تیکھے مزاج کا قالب ڈھونڈتے ہیں۔اس حوالے سے انھوں نے بڑے پتے کی بات کی ہے کہ:
’’اردو میں حروف تہجی کو سُر مان لینے کے بعد ہم اصولاًفقط اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ کومل حروف سے نغمے یا ترنم کا لطیف پہلو جھلکے گا اور تیور حروف نغمے کے شوخ اور روشن پہلوئوں کی طرف رہنمائی کریں گے۔۔۔لطیف ترین جذبات اپنے اظہار کے لیے کومل سروں کا تقاضا کرتے ہیںاور شدید اور تیکھے جذبات طباًتیور اور اَت تیور سُروں کا قالب ڈھونڈتے ہیں۔‘‘(٢)
شعر میں آہنگ پیدا کرنے والے عناصرمیں ایک عنصر لفظ کی موسیقیت کا بھی ہے۔ہر لفظ اپنی ایک غنائی ترکیب کے ساتھ وجود میں آتا ہے ۔اس لحاظ سے صوت ،لفظ اور موسیقی کی تشکیل میںبنیادی کردار ادا کرتی ہے۔کیوں کہ صوت ہی سے لفظ تشکیل پاتا ہے اور موسیقی بھی صوت سے ترتیب پاتی ہے۔ لفظ آوازوں کا ایک ایسا مجموعہ ہوتا ہے جس کی ایک اپنی معنویت ہوتی ہے۔جہاں تک لفظ کی موسیقیت کا تعلق ہے تو لفظ کی موسیقیت کی دوصورتیں متعین ہیں۔ایک اصوات کی موسیقی اور دوسرامعانی کی موسیقیت۔اول الذکر کا تعلق اس صوتی تاثر سے ہے جو ان حروف کی آوازوں پر مشتمل ہوتا ہے جس سے وہ لفظ تشکیل پاتا ہے۔حروف کی صوت سے تشکیل پانے والی لفظ کی خارجی موسیقی کہلائے گی۔لفظ کی خارجی موسیقی میں حروف کی مختلف آوازیں مل کے ایک ایسی معنوی تاثیرکی تشکیل کررہی ہوتی ہیں۔جس سے انسان کے ذہن میں کسی جذبے ، احساس یا کسی کیفیت کی تصویر قائم ہوجاتی ہے۔اس حوالے سے ابوالاعجاز حفیظ صدیقی لکھتے ہیں:
’’معانی سے الگ ہو کر بھی ہر لفظ کا اپنا ایک خاص تاثر ہوتا ہے جس کاتعلق ان حروف کی آوازوں اور ان کی ترتیب سے ہوتا ہے جن سے کوئی لفظ بنتا ہے۔کوئی لفظ ناچتا، گنگناتا، کوئی روتابسورتاہے۔کوئی لبھاتاہے ، کوئی سننے والے ذہن پر خوف کا تاثر چھوڑتا ہے اور کوئی خوشی و سرمستی کا تاثر دیتا ہے ۔ لفظ کے اس تاثر کو جس کا تعلق لفظ کی آوازوں سے ہوتاہے ، صوتی تاثر کہتے ہیں۔‘‘(٣)
ہماری اردو زبان کے حروف ِ تہجی کا صوتی تاثر خاص طرح کے موڈ یا شخصی مزاج کو اپیل کرتا ہے ۔ان حروف کے استعمال سے خاص طرح کے جذبات و قلبی واردات کا بصری تصور سامع کے تخیل میں ابھرتاہے ۔مثال کے طور پر س، ش، ص پر غور کریں تو س ،سکوت، ٹھہرائو،اور خاموشی کی فضا ابھارتاہے،ش ، جوش و خروش اور ولولہ اور نشاطیہ و طربیہ کیفیت کی ترجمانی کرتا ہے۔س کے حوالے سے مندجہ ذیل اشعار میں پائے جانے والے تاثر پر غور کریں۔
سر ہانے میر کے آہستہ بولو
ابھی ٹک روتے روتے سو گیا ہے
میر تقی میر
یا رب ایسے وصال سے کیوں کر
مٹ سکے دل سے داغ ہجراں کا
غالب
شورش سے بھاگتا ہوں دل ڈھونڈتا ہے میرا
ایسا سکوت جس پر تقریر بھی فد ا ہو
اقبال
ان اشعار میں سکوت، خاموشی اور ٹھہرائو کی کیفیت کا واضح تاثر نظر آرہا ہے۔اس طرح کی اردو شاعری میں بہت سی مثالیں ڈھونڈی جا سکتی ہیں۔اقبال کی نظم ’’دریائے نیکرکی ایک شام‘‘ اس سلسلے میں بہترین مثال ہے پوری نظم سکون اور سنسناہٹ کا ساماں پیش کررہی ہے۔
سائے کی طرح ساتھ پھریں سر و صنوبر
تو اس قد دلکش سے جو گلزار میں آوے
غالب
اس شعر میں حروف کی تکرار سے سرسراہٹ کا صوتی تاثر ظاہر ہورہا ہے۔شعر میں بنیادی صوت ’’س‘‘ کی ہے جو دیگر حروف کی صوت سے مل کر ایک نغماتی رنگ پیش کررہی ہے۔
بسکہ ہیں ہم اک بہار ناز کے مارے ہوئے
جلوہ گل کے سوداگر اپنے مدفن میں نہیں
غالب
غالب کے اس شعر میں بیشتر کومل حروف کا استعمال ہے جس سے نازک اور نفیس آہنگ کا تاثر ابھر رہاہے۔
زبان اہل زبان میں ہے مرگ خاموشی
یہ بات بزم میں روشن ہوئی زبانیٔ شمع
غالب
تیور حروف سے اس شعر میں شوخ اور روشن پہلوئوں کا تاثر مل رہا ہے۔
گورِ مجنوں سے نہ جاویں حشر تک ہم بے نوا
عیب ہے ہم میں جو چھوڑیں ڈھیر اپنے پیر کا
میرتقی میر
تیور اور اَت تیور حروف شعر میں شدید اور تیکھے آہنگ کا تاثر دے رہے ہیں۔
جس طرح شاعری کے آہنگ میں الفاظ اور پھر الفاظ میں حروف بنیادی اکائیاں ہوتے ہیں اسی طرح موسیقی میںسُر بنیادی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔شاعری اور موسیقی دونوں کا تعلق سماعت سے ہے دونوں سننے اور سنانے کی چیزیں ہے۔شاعری اگر الفاظ کے ذریعے انسانی جذبات و احساسات کی ترجمانی کرتی ہے تو موسیقی میں یہی کام سُروں سے لیا جاتا ہے ۔جس طرح ایک موسیقارزبان کے بنیادی عروضی نمونوں کو پیش نظر رکھ کر ہی بہترین نغمہ ترتیب دے سکتا ہے اسی طرح ایک شاعر کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ موسیقی اسرار و رموز سے آگاہ ہو کر شعری آہنگ ترتیب دے تا کہ شعر اپنی شعری جمالیات سے آراستہ ہوکر اپنے معنی مکمل کرے ۔ایلیٹ نے تو شاعر اور موسیقار کو ایک درجے پر رکھتے ہوئے شاعری کے لیے موسیقی اور موسیقی کے لیے شاعری کو لازم قرار دیا ہے ۔ایلیٹ اپنے مقالے شاعری کی موسیقی میں شاعر کے لیے موسیقی سے آگاہی کو لازمی قرار دیتے ہیں ہوئے لکھتے ہیں:
’’میرا خیال ہے کہ شاعر موسیقی کے مطالعہ سے بہت کچھ حاصل کر سکتاہے لیکن یہ بات تو میں نہیں جانتاکہ اس سلسلہ میں موسیقی کے کتنے فنی علم کی ضرورت درکار ہوگی کیونکہ وہ فنی علم خود میرے پاس بھی نہیں ہے۔لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ وہ خصوصیات جن کا تعلق شاعریسے بہت قریبی ہے وہ اوزان، لحن اور ساخت کے ادراک و شعور سے تعلق رکھتی ہیں ۔میرا خیال ہے کہ شاعر کے لیے یہ تو ممکن ہے کہ وہ موسیقی سے بہت قریب ہو کر اپنا کام کرے ۔‘‘ (٤)
جس طرح شاعر کے لیے موسیقی کے بنیادی رموز سے آگاہی ضروری ہے اسی طرح اگر موسیقار بھی لفظ کے انفرادی حسن سے واقف ہے اور شعر کی شعریات کا اسے ادراک ہے تو وہ اپنے فن میں زیادہ پختہ کار اور باکمال ثابت ہوسکتاہے ۔ فنون لطیفہ میں دیکھا جائے تو شاعر ی فن موسیقی کے زیادہ قریب نظر آتی ہے۔ بلکہ شاعری اور موسیقی میں صرف زبان کا فر ق ہے شاعرلفظوں کے ذریعے مافی الضمیر کا اظہار کرتا ہے جبکہ موسیقار سروں کے ذریعے ان خفیف جذبات و احساسات کا ابلاغ کرتا ہے جو لفظوں کے ذریعے ممکن نہیں ہو پاتا۔موسیقی کی آرٹ فارم کے ذریعے میری اس بات کو بخوبی سمجھا جاسکتا ہے کہ ایک گائیک کس طرح راگ کے آلاپ سے جذبے یا احساس کی ترجمانی کرتا ہے اور سامع کے تخیل میں راگ کی کیفیت اور اس کے رس کومتشکل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔موسیقی کی اصطلاح میں گائیک کی یہ تکنیک راگ کا بصر ی تصور کہلاتی ہے۔ اس تکنیک کو برتنے میں گائیک کا پختہ کار ہونا اورمتعلقہ راگ کی کیفیت، شکل و صورت اور اس کے زیروبم سے واقف ہونا بے حد ضروری ہے کیوں کے راگ کی شکل صرف سروں کی آروہی امروہی سے نہیں بنتی۔ ہر راگ کا اپنا ایک مخصوص غنائی فارمیٹ ہوتا ہے ۔اس کی سروں کی ادائیگی کو ایک خاص ترتیب کے ساتھ برتا جاتا ہے ۔وادی اور سم وادی ہر راگ کے بنیادی دو سُر ہوتے ہیں جن کو بار بار الاپنے سے راگ اپنی شکل و صورت مکمل کرتا ہے ۔سُروں کی ترتیب بدلنے سے راگ کی شکل بگڑنا شروع ہوجاتی ہے اور اس کاغنائی تاثر سماعت کو مجروح کرنے لگتا ہے۔ راگ کو اس کے متعلقات کے ساتھ پیش کرنے سے ہی سامع کے تخیل میں اس کا بصری تصور ابھرتا ہے۔یہی ایک راگ کی معنویت ہے موسیقی کو اگر زبان قرار دیا جائے تو اس کے اندر معانی آفرینی کا عمل زیادہ اثر انگیز ہوتا ہے ایک خفیف سے خفیف جذبے کی ترجمانی جس کا اظہار لفظوں میں ممکن نہیں ہوپاتا اور الفاظ جذبات و احساسات کے اظہار کرنے کے عمل میں پیچھے رہ جاتے ہیں وہاں اس خلا یا کمی کو موسیقی کے ہی ذریعے پورا کیا جاسکتاہے۔ معنویت کے لحاظ سے دیکھا جائے تو موسیقی میں سروں کی اپنی خاص زبان ہوتی ہے جن کے استعمال سے کسی جذبے یا احساس کی ترجمانی ہوتی ہے۔عام بول چال کے لہجے میں لفظوں کی معنویت متعین ہوتی ہے جبکہ موسیقی میں ماہر گائیک اپنے غنائی لہجے کے اتار چڑھاؤ سے ان کے معنی اور احساسات میں ردو بدل کرتا ہے۔معنی آفرینی کا یہ عمل موسیقی میں خاص کر ان جذبات و کیفیات کے ابلاغ کا سبب بنتا ہے جہاں ابلاغ کے دیگر ذرائع پوری طرح ساتھ نہیں دے پاتے بقول رشید ملک:
’’جہاں ابلاغ کے مختلف ذرائع کی سرحدیں ختم ہوتی ہیں وہاں سے موسیقی کی اقلیم شروع ہوتی ہے۔موسیقی بھی ایک زبان ہے۔ جس کے اپنے حروف تہجی، اپنے الفاظ، اپنی لسانی ترکیبیں، اپنا روز مرہ، صرف و نحو اور فصاحت و بلاغت کے لیے اپنے معیار ہیں۔یہ زبان ان کیفیات اور جذبات کا ابلاغ کرتی ہے جن کی ترسیل کسی اور ذریعے سے ممکن نہیں۔‘‘(٥)
اس کے علاوہ موسیقی میں جن اصول و ضوابط کی پابندی ضروری ہوتی ہے شاعری میں بھی ان امور کو ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ لفظ،وزن، بحر، اور خیال شعر کی تخلیق کے بنیادی ترکیبی عناصر ہیں اور یہی عناصر موسیقی میں ُسر، تال اورلے کے ذریعے کسی دھن کی تشکیل و ترتیب کا سبب بنتے ہیں۔شعر کے لیے موزوں وزن کا انتخا ب کرنے لیے علم عروض کی مدد لی جاتی ہے جس میں لفظ کی صوت کو کسی بحر کے ارکان پر باندھا جاتاہے۔ موسیقی میں یہی عمل تال کے ذریعے دہرایا جاتا ہے لفظ کی صوت کو تال کے ماتروں پر باندھ کر موسیقیت پیدا کی جاتی ہے۔شاعری اور موسیقی کا آپس میں یہ رشتہ کئی صدیوں سے ہے۔ابتدا میں مذہبی صحائف، شعر اور نظمیں گانے کی شکل میں پیش کی جاتی تھیں۔شاعری پڑھ کر سنانے کی بجائے گائیکی کی صورت میں پیش کی جاتی تھی ۔اس کی ایک بنیادی وجہ معاشرے میں خواندگی کی کم شرح تھی۔تعلیم کے محدود ہونے کی بنا پرعوام تک شعری تصنیفات پہنچانے کے لیے ذریعہ ابلاغ موسیقی ہی قرار پاتا تھا۔چنانچہ شعر کی ساخت، وزن اور نفسِ مضمون کاانتخاب ہر دور میں موسیقی کی فارم، تال اور اور آہنگ کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا رہاہے ۔رشید ملک بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ہندی عروض اورموسیقی کی تالوں میں بہت حد تک یکسانیت ہے ۔بلکہ ہماری ہاں علم عروض کی جو بحریں مستعمل ہیں ان کا آہنگ ہماری ہندوستانی موسیقی کے آہنگ سے کافی ملاپ رکھتا ہے ۔اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہر خطے کی موسیقی کا اپنا ایک خاص آہنگ ہوتاہے ۔ایک خطے کی موسیقی دوسرے خطے کی موسیقی سے بہت مختلف ہوتی ہے، جیسے ایرانی موسیقی کا آہنگ عربی سے مختلف ہے۔یہی وجہ ہے کہ جب عربوں کے علم عروض کو ایرانیوں نے برتا تو ان کا تغیر وتبدل اپنی موسیقی کے متعلقہ آہنگ کے پیش نظر کیا۔ایسی بحریں جو ان کی موسیقی سے ہم آہنگ تھیں انھیں قبول کیا اور ایسی بحریں جواُن کی موسیقی سے ٹکراتی تھیں انھیں رد کردیا۔ یہی صورتحال ہمارے ہندی عروض میں بھی رہی ہے ہمارے ہاں عربی اور فارسی کی صرف ان بحروں کو قبول کیا گیا جو ہماری ہندوستانی موسیقی سے ہم آہنگ تھیں۔جن کا آہنگ متضادتھا اُن میںتھوڑے بہت اضافے کرکے ہندوستانی موسیقی کے مزاج کے مطابق ڈھالا گیا۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ہر قوم کا عروض اس قوم کی موسیقی سے ہم آہنگ ہوتا ہے۔ اس لیے پروفیسر گیان چند جین نے بھی ’’کسی قوم کے عروض کو اس قوم کی موسیقی یعنی احساس ِترنم کا آئینہ دار قرار دیا ہے۔ ‘‘ (٦)ہندوستانی موسیقی کا نظام قدیم ترین تاریخ پر محیط ہے۔ہندوستانی موسیقی نے ہندوستان کی مختلف شعری اصناف کے جو پیمانے وضع کیے ہیں وہ عربی یا فارسی اوزان سے پہلے یہاں رائج تھے۔پروفیسر موصوف کی اس بات سے زیادہ واضح ہوجاتا ہے کہ ’’قوم کے احساس ِموزونیت کے سب سے کھرے نشان گر لوک گیت ، بعض موزوں کہاوتیں اور بچوں بڑے بڑھوں کی تُک بندیاں ہوتی ہیں۔اہل اردو میں یہ سب ہندوستانی اوزان میں ہیں۔‘‘(٧)بحر اور تال دونوں کا مقصد وزن کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ ہر بحر اپنے وزن کے لحاظ سے دوسری بحر سے مختلف ہوتی ہے اسی طرح ہر تال اپنے وزن کے لحاظ سے دیگر تالوں سے منفرد ہوتی ہے۔ بحر اور تال میں وزن کا تعین ارکان یا ماتروں سے کیا جاتا ہے۔
شاعری اور موسیقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم کی حیثیت رکھتے ہیں۔یہی وجہ ہے کے ہر دور میں شعری اصناف فن موسیقی کا حصہ بنتی رہیں۔زمامہ قدیم میں دیکھا جائے تو دھرپد، خیال، تروٹ، ترانہ ، ٹھمری جیسی غنائی تراکیب اپنی ہیئت کے لحاظ سے شاعری کی مکمل اصناف کا درجہ رکھتی تھیں اور ان شعری اصناف کو تخلیق کرنے والے شعرا ہی ہوا کرتے تھے۔جو فن ِموسیقی کے پیش نظر ان اصناف کو تخلیق کرتے تھے ۔ اس دور میں شعری اصناف کو تحت اللفظ پڑھنے کے بجائے اسے ترنم اور آلات موسیقی کے ساتھ محافل میں پیش کیا جاتا تھا۔شعر و سخن کو پیش کرنے کا یہ رجحان عام تھا۔شاعری اور موسیقی کے اس تعلق کی وضاحت کرتے ہوئے رشید ملک لکھتے ہیں:
’’صدیوں سے شاعری اور موسیقی کا بڑا قریبی رشتہ رہا ہے۔شعر اور نظمیں مذہبی صحائف کی طرح گائی جاتی تھیں اور اسی مقصد کے لیے تصنیف ہوتی تھیں۔تعلیم کے محدودہونے کی بنا پر عوام تک شعری تصنیفات کے لیے ذریعۂ ابلاغ موسیقی ہی تھا۔چنانچہ شعر کی ساخت یا فارم، وزن اور نفسِ مضمون ہر زمانے میںموسیقی کی فارم، تال اور نفسِ مضمون کا تعین کرتی چلی آئی ہیں۔ہندی عروض اورموسیقی کی تالوں کی اصطلاحات بھی مشترک ہیں اور فارمز میں بھی بڑی یکسانیت ہے۔‘‘(٨)
قدیم شعرا کے ہاں شاعری اور موسیقی کے باہمی روابط کا واضح پتا چلتا ہے۔ کیوں کہ ان میں سے زیادہ تر شعرا موسیقار پہلے اور شاعر بعد میں ہوا کرتے تھے۔امیر خسروؒ، ابراھیم عادل شاہ، قلی قطب شاہ،خواجہ میردرد، بہادرشاہ ظفراورصوفی شعرا میں شاہ عبدلطیف ؒ،بابا بلھے شاہ،شاہ حسین لاہوری اور وارث شاہ کے علاوہ دور زریں کے بھی کئی شعرا سنگیت شناس تھے۔ذیل میں ان شعرا کی سنگیت شناسی کا مختصر سا جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔
ابراھیم عادل شاہ جو نہ صرف دکنی اور فارسی زبان کا شاعر تھا بلکہ منجھا ہوا موسیقار بھی تھا۔ان کی کتاب ’’نورس‘‘میں راگ اور راگنیوں کی تشریح نظموں اور گیت کے ذریعے کی گئی ہے۔راگ راگنیوں کو عنوان دے کر نظمیں اور گیت لکھے گئے ہیں۔ہر نظم یا گیت جس راگ کے عنوان سے لکھا گیا اس نظم اور گیت میں اسی راگ کے بصری تصور کو ابھارا گیا ہے۔یعنی ایک مغنی جس طرح راگ کا آلاپ کر کے رگ دھیان یعنی راگ کا بصری تصوراور اس کی کیفیات کو سامنے لاتا ہے، نو رس میں شاعر نے نظموں اور گیتوں کے ذریعے راگوں کی شکل و صورت کو ہمارے تخیل میں واضح کیا ہے۔مثال کے طور پردیسی راگنی کے بارے میں وہ کہتے ہیں:
اک نار دیکھیا کھڑی سامنے
پونم رات کی مکر چاندنی
یا جھمکے میگھ رت کی سودامنی
اس گیت میں راگ میگھ ملہار کا ذکر کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں کہ برسات خوب صورت عورت کی طرح ہے جس کا رنگ روپ سانولا ہے اور ہنستے ہوئے دانتوں کی چمک روشنی کرنے والی بجلی کی مانند رنگ برنگ کے لباس کالی گھٹا کی طرح ہیں۔
اس کتاب میں شاہ نے راگوں کی لفظی تصاویر بنائی ہیں مثلاً راگ کیدارا کی تصویر کشی اس طرح کی ہے کہ ایک بے حد خوبصورت عورت ہے جو ہاتھ سے رخسار کو تھامے بیٹھی ہے۔ وہ دبلی پتلی ہے اور چہرے کا رنگ سفید اور چاند کی طرح روشن ہے۔اسی طرح ایک دوہڑے میں آتی جاتی سانس کو آروہی امروہی کے سروں سے تشبیہ دی ہے۔ابراہیم عادل شاہ کے بعد جس شاعر کا نام آتا ہے وہ شاہ عبدلطیف بھٹائی ہیں۔یہ سندھی زبان کے نہ صرف شاعر تھے بلکہ بہت بڑے موسیقار بھی تھے۔بھٹ شاہ میں موسیقی کے احیائ کے لیے انھوں نے ایک مکتب فکر کی بنیاد ڈالی اور ایک باقاعدہ ادارہ قائم کیا۔ ایک ساز بھی ایجاد کیا اور اس کے ساتھ ہندی راگ اور راگنیوں کی طرزوں پر اپنی نظمیں تخلیق کیں۔ جنھیں وہ سر سوہنی، سرکانہڑا، سرملہار وغیرہ کہتے تھے۔ امیر خسرو ؒ کے علمی اور فنی کمالات سے کون واقف نہیں، ایرانی اور ہندی راگوں کی آمیزش سے نئی نئی اختراعات کیں۔
اس کے علاوہ خواجہ فرید، بابا بلھے شاہ اور مادھو لعل حسین جسے صوفی شعرا کے ہاں بھی کئی کافیوں کے عنوانات راگ راگنیوں کے ناموں پر دیے گئے ہیں۔خواجہ فرید ؒ کے ہاں ایک ملتانی راگنی کی کیفیت کا یوں ہلکا سا عکس ملتا ہے:
سب صورت وچ وسداڈھولا ماہی
رنگ برنگے اس دے ڈیرے
آپے رانجھن آپے ہیر تے آپے کھیڑے
لک چھپ بھید نہ ڈسدا ڈھولا ماہی
آپے ہجر تے آپے میلہ
آپے قیس تے آپے لیلےٰ
اس کافی میں ہر صورت میں محبوب سامنے رہتا ہے اس کے رنگ برنگے ٹھکانے ہیں۔ اس کافی میں اضطراب اور فراق کی کسک ہے جو ملتانی راگنی کا ایک خاص پہلو ہے۔بلھے شاہ جب تیرے عشق نچایا کرکے تھیا تھیا کہتا ہے تو ایک طرف وہ عشق میں بے خود ہونے کی کیفیت کا اظہار کرتا ہے تو دوسری طرف تھیا تھیا کا شعوری طور پر التزام کر کے تال کی ضرورت کو پورا کرتا ہے۔حضرت شاہ حسین لاہوری کے ہاں راگوں کا انتخاب عمدہ ہے۔ مثال کے طور پر سری راگ، جھنجھوٹی، جے جے ونتی ایسے راگوں کی طرز پر کافیاں مرتب کی ہیں جو خالصتاً علاقائی راگ ہیں اور شمالی اور مشرقی ہندوستان میں گائے جاتے ہیں۔ایک کافی میں راگ آساوری کے بنیادی جذبے کو ملاحظہ کریں :
اک دن تینو سفنا تھیسن گلیاں بابل والیاں دو
اُڈ گئے بھور پھلاں دے کولوں سن پتراں سن ڈالیاں دو
جت تن لاگے سوای جانے ، گلاں کرن سکھا لیاں دو
رہ دے قاضی دل نیوں راضی ہوئیاں تاں ہوون والیاں دو
سیسی راتیں لیکھے پوسن جو نال صاحب دے جالیاں دو
]بابل کی گلیاں ایک دن تمھارے لیے سپنا ہوجائیں گی۔پھولوں سے بھنور اڑ جائیں گے اور ڈالیوں سمیت سب فنا ہوجائے گا۔اے قاضی ہمیں قیل اور قال کے درس نہ دے ۔جسے چوٹ لگتی ہے وہی درد جانتا ہے ۔میرا دل کھیڑے کے ساتھ جانے پر راضی نہیں تھا۔میری قسمت میں جو لکھا تھا وہی میرے ساتھ ہوا۔وہی راتیں میرے مقدر میں لکھی جائیں گی جو میں نے اپنے صاحب کے ساتھ گزاری ہیں۔[
شاہ حسین کی کافیوں میں موسیقیت کے گہرے رچائو کا احساس ہوتا ہے۔حضرت شیخ بہاالدین ذکریا ملتانی بھی سنگیت کے بہت بڑے عالم تھے ۔بعض محققین راگنی ’’ملتانی ‘‘ کی اختراع کو شیخ بہاالدین ذکریاؒ سے منسوب کرتے ہیں ۔یہ راگنی ٹوڈی ٹھاٹھ سے تعلق رکھتی ہے اور کھاڈو سمپورن راگنی ہے یعنی آروہی میں چھ ُسر اور امروہی میں سات سُر لگتے ہیں ۔راگ اور راگنیوں کے عنوانات سے نظمیں تخلیق کرنا،نظموں اور گیتوں کے تخیلاتی نظام کو راگوں کے بصری تصور کے ساتھ مربوط کر کے پیش کرنے کا رجحان بہت قدیمی ہے ۔جدید اردو شاعری میں مختار صدیقی اور ادیب سہیل جیسے شعرا کے ہاںیہ رجحان زیادہ نظر آتا ہے۔جس سے ان کی سنگیت شناسی کا پتا چلتا ہے۔شاعری اور موسیقی اپنے داخلی اور خارجی پہلو ئوں کے لحاظ سے ایک دوسرے کے ساتھ کافی مماثلت رکھتے ہیں۔بلکہ شاعری بھی موسیقی کی ایک شکل ہے جو لفظ اور خیال کی آمیزش سے تشکیل پاتی ہے۔
حوالہ جات
١۔ سہیل بخاری، ڈاکٹر:لسانی مقالات(حصہ سوم)مقتدرہ قومی زبان، اسلام آباد، طبع اول: فروری ١٩٩١، ص۔٦٩١
٢۔ عابد علی عابد،سید:اسلوب،مجلسِ ترقیِ ادب،لاہورطبع دوم:جون٦٩٩١،ص٥٢٢
٣۔ ابوالاعجاز حفیظ صدیقی،کشاف ِ تنقیدی اصطلاحات،مقتدرہ قومی زبان، اسلام آباد،طبع دوم:ستمبر ٥٨٩١، ص۔٦١١
٤۔ ایلیٹ، مترجم،جمیل جالبی،ڈاکٹر:ایلیٹ کے مضامین،سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور، ٦٠٠٢، ص۔٦٣١
٥۔ رشید ملک، راگ درپن کا تنقیدی جائزہ ، مجلس ِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع اول:مئی٨٩٩١، ص۔٤٥٤
٦۔ گیان چند جین، پروفیسر:اردو کا اپنا عروض، انجمن ترقی ہند، دہلی،٠٩٩١ئ، ص۔١
٧۔ ایضاً
٨۔ رشید ملک، راگ درپن کا تنقیدی جائزہ ، مجلس ِ ترقیِ ادب، لاہور، طبع اول:مئی٨٩٩١، ص۔٢٦٤
مزید نثر
مضمون · نثر
طبلے کی دنیا میں گت (GAT) کی اقسام: ساخت، فنی اصول اور گھرانوں کی روایات
ہندوستانی کلاسیکی موسیقی میں طبلہ محض ایک ایسا ساز نہیں جو گلوکار یا دوسرے سازوں کے ساتھ تال برقرار رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہو، بلکہ یہ اپنی ایک…
تبصرہ · نثر
میرے خوابِ طلب میں
"نعت" عربی زبان کا ایک اہم مادہ ہے۔ اس کا مطلب ایسے الفاظ اور تعبیرات کا مجموعہ ہے جو کسی شخص، شے یا خیال کی تعریف و توصیف کے لیے استعمال ہوں۔ عربی…
افسانہ · نثر
بکھرتی حسرت
صبح کا وقت تھا اور سڑک پر تو دوڑ سی لگی ہوئی تھی۔ ہر شخص جلدی میں تھا۔ساڑھے آٹھ بجے کا وقت تھا۔ سکول کے چند بچے سکول کو بھاگ رہے تھے- دفاتر جانے والے…