افسانہ · نثرProse
بکھرتی حسرت
صبح کا وقت تھا اور سڑک پر تو دوڑ سی لگی ہوئی تھی۔ ہر شخص جلدی میں تھا۔ساڑھے آٹھ بجے کا وقت تھا۔ سکول کے چند بچے سکول کو بھاگ رہے تھے- دفاتر جانے والے لوگ تیزی سے رواں دواں تھے۔ گاڑیوں کا رش الگ تھا اور پھر جگہ جگہ سے موٹر سائیکل والے کٹ لے کر سپیڈ لگا رہے تھے۔ غرض ہر شخص بھاگ رہا تھا۔ لال حسین بھی ابھی ابھی بس سے اترا تھا۔ وہ صبح فجر ویلے گھر سے نکل کر اپنے سٹاپ تک پیدل آتا اور پھر بسوں میں دھکے کھا کر منڈی پہنچتا، مال خریدتا اور پھر بس کی چھت پر رکھ کر اس چوک تک پہنچتا تھا۔ اسکے بعد سامنے مارکیٹ کی پارکنگ سے ٹھیلا نکالنا، مال لگانا اور پھر اپنی ریڑھی سڑک کنارے بنی دوسری ریڑھیوں کی قطار میں لگانا عجب مشقت تھی۔ شروع شروع میں تو اس مشقت سے کافی تھک جاتا مگر اب تین ماہ میں اسکا عادی ہوگیا تھا۔ ٹھیلا لگانے کے بعد پہلے دو تین گھنٹے کافی سکون رہتا کیونکہ اسکا کام دوسرے ریڑھی بانوں کی طرح دن بارہ کے بعد ہی شروع ہوتا۔ وہ پچھلے تین ماہ سے شہر کی مرکزی شاہراہ کے ایک چوک پر دوسرے ٹھیلے والوں کے ساتھ ٹھیلا لگا رہا تھا۔
آج اس نے مٹر اور گھوبھی بیچنے کے لیے لگائے تھے۔ کل تک صرف گھوبھی لگا رکھی تھی۔ مگر آج تھوڑی تبدیلی ضروری تھی۔ریڑھی کے اوپر مٹر ایک ڈھیر کی صورت میں جبکہ گھوبھی ریڑھی کے اگلے حصے پر اوپر نیچے ٹکی ہوئی تھی۔ ترازو اور لفافے ایک کونے میں رکھے ہوئے تھے۔ جبکہ لکڑی کا ایک بنچ بھی لال حسین نے رکھا ہوا تھا جو بیٹھنے کی ضرورت پوری کرتا۔ لال حسین ریڑھی لگانے کے بعد ارد گرد ریڑھی والوں سے ملا۔ ساتھ بائیں طرف حمیدا تھا جو کہ آلو کا ایک بڑا ڈھیر ریڑھی پر سجائے کھڑا چائے پی رہا تھا۔ حمیدے نے لال حسین کو اپنی پھٹی آواز میں سلام کیا۔ دن کو خریداروں کا رش دیکھ کر حمیدا ایسی زوردار آواز لگاتا کہ پورا چوک گونج اٹھتا۔ حمیدے سے پرے ساٹھ سالہ چاچا کبیر مرچوں اور لیموں پر پانی کا چھڑکاؤ کرتاگاہکوں کی راہ تک رہا تھا۔ زندگی کی گرمی سردی نے چاچا کبیر کو کافی بوڑھا کردیا تھا مگر گھر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے آج بھی ریڑھی لگائے چاک و چوبند تھا۔اس سے آگے مولی، گاجر اور پھل فروشوں کی ریڑھیاں تھی جبکہ دائیں جانب رحمت اپنی ریڑھی پر بیر لگائے، اس سے آگے جان محمد عرف جانوں آلو پیاز کی آوازیں لگاتا اور پھر آگے دوسرے ریڑھی بان تھے۔
حمیدے، چاچا کبیر ، رحمت وغیرہ سے مل کر لال حسین اپنے بنچ پر آبیٹھا۔ سامنے قریبی چائے سٹال کا لڑکا ریڑھی بانوں کو چائے پہنچا رہا تھا۔ دوسرے ریڑھی بانوں کی طرح لال حسین بھی بغیر ناشتے کے گھر سے نکلتا تھالہذا ریڑھی سجا کر ان سب کا پہلا کام چائے کے ساتھ پراٹھا یا نان کھانا ہوتا۔ آج بھی لال حسین نے ناشتے کا آرڈر دیا اور ناشتا آنے تک حمیدے سے رات بجلی کی آنکھ مچولی اور پھر گاہکوں کے الٹے سیدھے سوالات کا رونا روتا رہا۔
ناشتے کے دوران لال حسین اپنے ماضی کی طرف کھو گیا۔ غربت میں بچپن اور لڑکپن گزارنے والا لال حسین کے ماضی میں کچھ بھی اچھی یاد نہ تھی۔ ہوش سنبھالتے ہی اس نے باپ کو نشے کا عادی پایا۔ اور وہ اپنی ماں کے ساتھ گاؤں کے کنارے بنے ایک کچے پکے مکان میں رہتا تھا ۔ اسکا باپ بھلے وقتوں میں گاؤں کے ملک صاحب کا نوکر تھا۔ اس مکان کے لیے بھی زمین ملک صاحب نے اسکے باپ کو دی تھی۔ اس کی ماں بھی ملک صاحب کے گھر میں کام کاج کرتی اور وہ بھی بچپن سے ہی ملک صاحب کے گھر آنے جانے اور چھوٹے کام کاج میں جت گیا تھا۔ ملک صاحب کی خدمت سے ہی اس کنبے کی دال روٹی چل رہی تھی۔ اس کے علاوہ گاؤں کے دوسروں لوگوں کے ہاں بھی اسے کام کاج مل جاتا ۔ان مزدوریوں سے ہی اسکا اور ماں کا پیٹ پل رہا تھا۔ مگر گاؤں چھوٹا تھا اور مزدوری کے مواقع بھی بہت کم تھے۔
نشے کی زیادتی اور بیماریوں نے اسکے باپ کو گردوں کا مریض بنا دیا اور پھر چھ ماہ پہلے اسکا باپ قریبی شہر کے ایک سرکاری ہسپتال جا لیٹا۔ دونوں ماں بیٹا اسکی تیمارداری میں جت گئے۔ ماں بیٹا سارا دن ہسپتال کی وارڈوں، لان اور بنچوں پر گزارتے۔ تین ٹائم کا کھانا ہسپتال کے ایک طرف موجود خیراتی ادارے کے لنگر سے کھانے لگے جبکہ دوا وغیرہ سرکار مہیا کررہی تھی۔ سونے کے لیے ماں بیٹا کبھی کوئی بنچ، فرش یا لان وغیرہ منتخب کرلیتے اور سوتے جاگتے وقت گزار لیتے۔ ویسے بھی غربت میں آرام اور سکون گھڑی دو گھڑی آنکھ جھپکانے سے بھی مل جاتا ہے۔ اسکی عمر اب تیس کے لگ بھگ ہوگئی تھی۔ وقت گزاری کے لیے کبھی کبھار وہ ہسپتال سے باہر نکل کر ارد گرد آبادی، مارکیٹوں اور سڑکوں کی گرد بھی چھان لیتا تھا ۔ شہر میں بنی آبادی میں موجود شاندار گھروں ، دکانوں اور مارکیٹوں کو دیکھ کر وہ بہت خوش ہوتا۔ آہستہ آہستہ وہ خواب دیکھنے لگا۔ اچھے گھر کے خواب، خوشیوں کے خواب، محتاجی کے بغیر زندگی کے خواب، اپنا کام کاج کاروبار کے خواب۔ آہستہ آہستہ یہ خواب شدت سے آنے لگے اور وہ ان میں کھو جاتا۔ اور پھر یہ خواب اسکی خواہش بن گئے۔ وہ باپ کی صحتیابی کے بعد گاؤں جاکر کچھ کاروبار یا ایسے کام کاج کا سوچنے لگا جو اسے دوسروں کی محتاجی سے نجات دلا سکیں۔ وہ اپنے ماں باپ کی طرح ملک صاحب اور دوسروں کے ٹکڑوں پر نہیں پلنا چاہتا تھا۔ وہ اپنے ماں باپ کو اچھا کھلانا چاہتا تھا۔ اچھی جگہ رکھنا چاہتا تھا۔ وہ دوسروں کی خیرات سے جان چھڑانا چاہتا تھا۔
مگر رب کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ تین ماہ کے علاج اور ماں بیٹے کی تیمارداری کچھ کارگر ثابت نہ ہوئی اور ایک صبح لال حسین کا باپ ان دونوں کو روتا چھوڑ کر اگلے جہان سدھار گیا۔
باپ کی وفات کے بعد اس نے مستقبل بہتر بنانے کا سوچا۔ ایک دن وہ گاؤں سے نکلا اور اس شہر کے ایک مرکزی چوک جا پہنچا جو باپ کی بیماری کے دوران آتے جاتے دیکھا بھالا تھا اور وہاں سبزی پھلوں کے بہت سے ٹھیلے تھے۔ وہ سارا دن ان ٹھیلے والوں کو دیکھتا رہا۔ اگلے دن گاؤں کے واحد سبزی فروش چاچا رحیم کی ہٹی پر پہنچ گیا۔ رحیم نے اس سے اسکے باپ کا افسوس کیا اور آنے کا مقصد پوچھا۔ وہ بولا "چاچا!تجھے تو پتہ ہے کہ ہم لوگ غریب ہیں اور لوگوں کی خیرات اور عطیات سے گزر بسر کرتے ہیں۔ پر چاچا کب تک ہم دوسروں پر بوجھ بنیں گے۔ اور کب تک دوسرے ہاتھوں کی طرف دیکھیں گے۔ اسلیے چاچا میں اپنا کام کرنا چاہتا ہوں۔ میرے پاس تو کوئی ہنر ہے نہ ہی کوئی پیسہ۔ مگر چاچا میں شہر میں سبزی پھل کا کوئی ٹھیہ یا ریڑھی لگانا چاہتا ہوں۔ بس تیری مدد چاہیے۔ " رحیمے نے اسکی بات سنی اور سوچ میں پڑ گیا۔ کچھ دیر بعد اس نے اپنے موبائل سے شہر بات کی اور اپنے بھانجے کو لال حسین کا بتایا۔ رحیمے نے کچھ پیسے اور اپنے بھانجے کا پتہ دیا۔ رحیمے کا بھانجا منظر جان شہر میں سبزی کا ٹھیا چلاتا اور اچھا خاصا کماتا تھا۔ لال حسین نے دو چار دن منظر جان کے ساتھ لگا کر سبزی کے لین دین میں کچھ سوجھ بوجھ پیدا کرلی۔ پھر منظر جان کی وساطت سے ایک ریڑھی اور کچھ سبزی بھی قرض پر خرید کر شہر کے مرکزی چوک میں بیٹھ گیا۔ پہلے دن تو ارد گرد ریڑھی بانوں نے ناک بھوں چڑھائے مگر پھر گاہکوں کی طلب اور لال خان کا حال دیکھ کر چپکے ہوگئے۔
کام شروع ہوا۔ گاہکی بڑھنے لگی۔ دو چار دن کی مشکل جھیلنے کے بعد کام کچھ بہتر ہوگیا۔ پھر دن بھر کی سیل سے ناشتا چائے پانی کا خرچ، آنے جانے کے کرائے نکال کر وہ اتنا بچالیتا کہ گھر کے لیے آٹا پتی لینے کے ساتھ ساتھ وہ قرض کی رقم ادا کرسکے۔ اور اب تین ماہ ہونے کو آئے تھے اور قرض کی رقم جو پندرہ ہزارتھی اب صرف پانچ ہزار رہ گئی تھی ۔وہ بھی اگلے چار دن میں ادا ہونی تھی۔ پھر اسکی بچت میں اضافہ ہو جائے گا اور وہ اپنی ریڑھی کو مزید بڑھائے گا اور کسی مرکزی جگہ پر ٹھیے کی کوشش کرے گا تاکہ کاروبار بڑھ سکے۔ اور پھر کچھ ماہ کی محنت سے وہ اس قابل ہوجائے گا کہ گھر بار اچھا بنا سکے، ماں کو گھر بٹھا کر خدمت کر سکے، ماں کی خواہشیں پوری کرسکے ۔ پھر لوگوں کی خیراتوں سے اسکی جان چھوٹ جائے گی۔ پھر وہ کسی کا محتاج نہ ہوگا۔ کسی کے ہاتھ کی جانب نہ دیکھے گا۔ کسی کے آگے آنکھیں نیچی نہ ہونگی۔ وہ نہ سہی مگر اسکی اولاد آنے والے وقت میں کسی کی محتاج نہ ہوگی۔ اور بہت جلد وہ اپنے جیسوں کی مدد کرے گا۔ خیرات لینے کی بجائے دے گا۔
لال حسین، لال حسین ، اور پھر ایک زوردار جھٹکا۔ اس نے اچانک دیکھا تو حمیدا اسے آوازیں دے رہا تھا۔ وہ متوجہ ہوا تو ایک گاہک اس سے مٹر کا بھاؤ پوچھ رہا تھا۔ حمیدا ہلکی ہنسی میں اسے حیرانگی سے دیکھ رہا تھا۔
دوپہر کے بعد گرمی گھٹی تو دفاتر سے چھٹی کرنے والے لوگ گھروں کی راہ لیے گزرنے لگے اور چوک کی ریڑھیوں پر گاہکوں کی آمد شروع ہوئی۔ عصر تک کافی چہل پہل رہی اور لال حسین سمیت سب ریڑھی بان کافی مطمئن تھے۔ گاہک ابھی بھی آ جا رہے تھے مگر پہلے جیسی بھیڑ نہ تھی۔ لال حسین دو گھڑی فرصت پاکر بیٹھا۔ اب تک اسکی تین ہزار کی بکری ہو چکی تھی اور قرض کے پیسے کے علاوہ بھی سات آٹھ سو کی بچت تھی۔ اور اگلے دن کے لیے ابھی سبزی کافی تھی۔ وہ ابھی سستانے کو بیٹھا ہی تھا کہ ایک طرف سے ایک شخص دوڑتا ہوا آیا اور کمیٹی کمیٹی کا شور مچاتا آگے بڑھ گیا۔ اور پھر ایک بھونچال آگیا۔ سب ریڑھیاں ایک دم سے حرکت میں آگئیں۔ جس کا جدھر منہ اٹھا ریڑھی بھگانے لگا۔ ارد گرد کے ریڑھی بانوں نے جلدی سے بے ڈھنگے انداز میں اپنے پھل سبزیاں سمیٹے اور بھاگ کھڑے ہوئے۔ کون حمیدا، کون چاچا کبیر، کون جانوں۔ کسی کو کسی کا ہوش نہیں۔ کسی کو کسی کی پرواہ نہیں۔
مگر وہ یہ سب کچھ پہلی بار دیکھ رہا تھا۔ اس نے بھی گھوبھی کے پھولوں کو مٹروں پر دھکیلا اور بنچ ریڑھی پر پھینک کر ریڑھی کھڑی کرنے کی پارکنگ کی طرف دوڑ لگا دی۔ مگر قسمت کی خرابی کہ کمیٹی والوں کی گاڑی ادھر سے ہی نمودار ہوئی اور پھر اس کے آگے آکر رکی۔ ابھی وہ سنبھلنے بھی نہ پایا تھا کہ تین لوگ چھلانگیں لگا کر نیچے اترے۔ دو لوگوں نے ریڑھی تھامی جبکہ تیسرے نے اسے قابو کیا۔ اور اس سے پہلے کہ وہ کچھ سمجھ پاتا ریڑھی سڑک پر الٹا دی گئی۔ سڑک پر مٹر دور تک پھیل گئے جبکہ گھوبھی کے پھول ادھر ادھر لڑھکنے لگے۔ گاڑیاں اور موٹر سائیکل مٹر کی پھلیوں کو اپنے ٹائروں تلے روندنے لگے۔ جبکہ گھوبھی کچھ تو گاڑیوں تلے آگئی اور جو بچی وہ کناروں پر موجود نالیوں میں اوندھی ہوگئی۔ پوری سڑک سبز سفید ہوگئی۔ کچھ مٹر کے دانے پھلیوں سے نکل کر سڑک پر بھاگے اور نالیوں میں پناہ لی۔ لال حسین تو ایسا بھوکھلایا کہ ریڑھی کے ٹرک میں گرنے کی آواز پر ہوش آیا مگر بہت دیر ہو چکی تھی۔ کمیٹی کے افراد اگلے شکار پر جھپٹ چکے تھے۔ چند لمحوں میں ہی اسکی دنیا اندھیر ہو چکی تھی۔ اسکے سب خواب ٹوٹ چکے تھے۔ اس کی ساری محنت پر پانی پھر چکا تھا۔ غربت کے چنگل سے نکلنے کی کوشش میں وہ مقروض بھی ہو چکا تھا اور اسکا دامن بھی خالی تھا۔ وہ سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر بیٹھ گیا۔ اسنے اپنا سر اپنی ٹانگوں میں دبایا اور رو پڑا۔ وہ اتنا رویا کہ اتنا باپ کی وفات پر بھی نہ رویا تھا۔ جب رو رو کر اسکی آنکھیں سوکھ گئیں تو وہ آنسو پونچھتے ہوئے اٹھا۔ اس نے منظر جان کے ٹھیے کی طرف چل پڑا۔ گاؤں جانے والی بس پکڑنے سے پہلے وہ پانچ ہزار قرض کی رقم چکتا کر چکا تھا۔
اگلی شام لال حسین نے ملک صاحب کی حویلی میں سارا دن کام کر کے گھر کی راہ لی تو باورچی سے اپنے اور ماں کے لیے روٹی سالن لینا نہ بھولا۔ کیونکہ خیرات ہی اسکا مقدر تھی ۔ اور اب اسے مستقبل کے سہانے خواب بھی دکھائی نہ دیتے تھے۔
مزید نثر
مضمون · نثر
طبلے کی دنیا میں گت (GAT) کی اقسام: ساخت، فنی اصول اور گھرانوں کی روایات
ہندوستانی کلاسیکی موسیقی میں طبلہ محض ایک ایسا ساز نہیں جو گلوکار یا دوسرے سازوں کے ساتھ تال برقرار رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہو، بلکہ یہ اپنی ایک…
تبصرہ · نثر
میرے خوابِ طلب میں
"نعت" عربی زبان کا ایک اہم مادہ ہے۔ اس کا مطلب ایسے الفاظ اور تعبیرات کا مجموعہ ہے جو کسی شخص، شے یا خیال کی تعریف و توصیف کے لیے استعمال ہوں۔ عربی…
افسانہ · نثر
دیواروں کے پیچھے
سڑک پر زندگی رواں دواں تھی۔ ہر کوئی اپنی منزل کی طرف بھاگ رہا تھا۔ دفاتر کو جاتے لوگ، سامنے سٹاپ پر بسوں وغیرہ سے اترتے چڑھتےمسافر، سٹاپ پر موجود…