نظم · نظمVerse
The Other
سنو !
ہوا کا گزر نہیں
کمرے سیلن زدہ ہو رہے ہیں
کوئی بات نہیں!
ہوا سے میری جان پہچان ہے
ہم اس سے بات کریں گے
اور یہ جو دیواروں کے پلستر اکھڑ رہے ہیں؟
یہاں ابا کی جوانی والی فوٹو کا میلا فریم لٹکا دو
کھڑکیاں دروازے زنگ آلود ہیں
چرچراہٹ دماغ چاٹتی ہے
پگلے!
یہ ساز ہے سوز ہے
تمہیں ساز اور سوز محسوس نہیں ہوتا کیا ؟
ہوتا ہے تبھی تو ۔۔۔۔ !!!
روشن دان بھی بند ہے !
چڑیا نے گھونسلہ بنا رکھا ہے
چھوڑو بھی ۔۔۔
تم بہت سنکی ہو رہے ہو !
ہر کسی کو دنیا میں رہنے کا حق ہے
چھت سے نمی ٹپک رہی ہے
تم کوئی نمک کے نہیں جو پگھل جاو گے
سفیدی پیلاہٹ میں بدل رہی ہے اس کا کیا ؟
آنکھیں چنی کر کے دیکھو
سب روشن ہے ۔۔۔
روشنی کہاں ہے یار ! ۔۔۔۔
دیکھو تو !!!
روشنی کی کیا ضرورت ؟
بس تھوڑی دیر ۔۔۔۔۔ پھر اندھیرے میں سب کچھ دکھائی دے گا
ہمیں اس سے کیا لینا دینا ۔۔۔ فالتو شے ہے
سانس کی نالیوں میں اڑچن پیدا ہونے لگی ہے
یار کچھ کرو ! ۔۔۔۔ پلیز !!!
کھانسی کی دھن پر قدیم کسمپرسی کے گیت گاو
پھیپھڑے دباو برداشت کر لیں گے
تم ایک دم فرسٹ کلاس ہو جاو گے
لیکن مجھے بہت الجھن ہو رہی ہے
بس ۔۔۔ ذرا سا۔۔۔ کچھ دیر اور
ایک تو میں تم سے بہت تنگ ہوں
بار بار تقاضے
بیدار حسیات کا یہی تو نقصان ہے
خواہ مخواہ انقلابی بننے لگتے ہیں
دیکھو!
سبھی عادی ہو گئے ہیں ناں !
تم بھی ہو جاو گے۔
سو جاو ۔۔
مجھے بھی نیند آ رہی ہے ۔۔
لیکن میری نیند تو روٹھ گئی
کب سے ۔۔۔ ؟
ستتر برس سے ۔۔۔
مجھے معلوم ہے تم نے ضرور خواب دیکھے ہوں گے
تمہاری یہی سزا ہے
اب بھگتو
مجھے کیا ۔۔۔۔
خرررررررر خررررررر خررررر
افففف !!!!
مزید نظم
غزل · نظم
سبین یونس
محبت کا بیاں دل پر اثر انداز کیسے ہو نظر انجام پر ہے فکر ہے آغاز کیسے ہو وہی جوش جنوں بے چینیاں اور بے خودی پیہم یہ علم و آگہی عشاق کی غماز کیسے ہو…