افسانہ · نثرProse

دیواروں کے پیچھے

توحید شاہ ہاشمی
دیواروں کے پیچھے

سڑک پر زندگی رواں دواں تھی۔ ہر کوئی اپنی منزل کی طرف بھاگ رہا تھا۔ دفاتر کو جاتے لوگ، سامنے سٹاپ پر بسوں وغیرہ سے اترتے چڑھتےمسافر، سٹاپ پر موجود اخبار فروش کے پاس اخبار کی خبروں پر نظر ڈالتے لوگ ،ساتھ چائے کے سٹال پر مسافروں کی آمدورفت اور چائے کے برتنوں سے اٹھنے والا دھواں روازنہ کی چہل پہل کا معمول تھا۔ اسی طرح مختلف یونیفارم پہنے ہنستے کھیلتے بچے کمر پر اپنے بستے لٹکائے سکول کی جانب رواں دواں تھے۔غرض زندگی بھاگ رہی تھی۔ ہر کسی کو اپنی منزل پر پہنچنے کی جستجو۔ مگر اسی سٹاپ سے ذرا پرے ایک دو منزلہ عمارت میں اوپر کے چار کمروں کی کھڑکیوں میں زندگی رکی ہوئی تھی۔ سڑک پر بھاگتی دوڑتی زندگی عمارت کی دوسری منزل پر موجود زندگی کے لیے تماشا تھی۔ خواب تھا، آرزو تھی۔

سڑک کے اس سٹاپ پر فٹ پاتھ سے ذرا ہٹ کر اس دو منزلہ عمارت کےبڑے نیلے آہنی گیٹ پر لگے ایک بورڈ پر دارالامان کے لفظ جگمگا رہے تھے۔ اور اس عمارت میں ساٹھ بچے قید تھے۔ دنیا کے رنگوں اور رونقوں کے بیچ ایک عمارت میں بند معصوم زندگیاں ۔

انھی بچوں میں رضا بھی تھا۔ جسے اسکے والدین رضی کے نام سے پکارتے تھے۔ وہ بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑکی سے باہر جھانک رہا تھا ۔ اس کی مرکز نگاہ سکول جانے والے بچے اور سڑک پر دوڑتی گاڑیوں میں سفید رنگ کی آلٹو کاریں تھیں۔ ان بچوں اور آلٹو پر نظر پڑتے ہی اسے اپنا ماضی یاد آجاتا۔ اپنا گھر، ابو امی، ابو کی آلٹو گاڑی اور روزانہ صبح کی ماں کی محبت سے ناشتا کرانا۔ وہ روزانہ ناشتے سے جی چراتا تھا مگر اسکی ماں اس کی تیاری اور ناشتے کے کاموں میں الجھا ہونے کے باوجود اسے خود ناشتا کراتی اور پھر محبت سے بیگ اسکے کندھے پر لٹکا کر گیراج میں باپ کے ساتھ آلٹو گاڑی میں بٹھا کر سر پر بوسا دیکر رخصت کرتی تھی۔

اور پھراسکے بابا اسے بڑی محبت سے سکول کے گیٹ پر اتارتے اور پھر سکول گیٹ سے اندر داخل ہونے تک اسے دیکھتے رہتے اور اسکے نظروں سے اوجھل ہونے پراپنے دفتر روانہ ہو جاتے۔ مگر اب یہ سب ماضی بن چکا تھا۔ وہ صرف ان لمحات کو یاد کر سکتا تھا۔ اور پھر آج بھی آنسو اسکے گالوں سے نیچے گر چکے تھے۔

قریباً روزانہ کی طرح گھنٹہ بھر یہ تماشا دیکھا جاتا رہا اور پھر رضی سمیت سب بچے کھڑکھیوں سے ہٹ گئے تھے۔ رضی نے اچٹتی نگاہ اپنے ساتھیوں پر ڈالی تو حامد، لائبہ، روشنی، جاوید، قمر اور عالیہ سب کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ سب اپنے ماضی اور گھر کو یاد کر رہے تھے۔ سب کے ساتھ کچھ نا کچھ ایسا ہوا تھا جو اپنوں سے دور یہاں قید ہوگئے تھے۔ رضی حامد کی طرف بڑھا اور اسے گلے لگا لیا۔ لائبہ اور روشنی بھی دونوں کے پاس آگئے ۔ جبکہ باقی سب بچے کمرے میں لگی ڈبل چارپائیوں کے نچلے حصے میں بیٹھ کر اپنے آنسو پونچھنے لگے۔ یہ روزانہ کا معمول تھا۔

رضی دس دن پہلے یہاں آیا تھا۔ دو مہینے پہلے ایک دن اسکے والدین اسے چچا کے گھر چھوڑ کر کسی کام سے گاؤں گئے تھے۔ چچا، چچی اور انکے بیٹے فہد کے ساتھ رضی بہت خوش رہتا تھا۔ وہ لوگ بھی رضی پر جان چھڑکتے تھے۔۔ شام کو وہ فہد کے ساتھ کھیل رہا تھا کہ چچا کو ایک کال آئی۔"جی ہیلو، جی بول رہا ہوں، کیسے؟ کیا؟اب کہاں ہیں؟اچھا ہم آتے ہیں". رضی سمیت سب چونک گئے۔ چچا نے فون رکھا تو روہانسی آواز میں رضی کے والدین کے ایکسیڈنٹ کی خبر سنائی۔ رضی گھبرا گیا۔ وہ سب ہسپتال روانہ ہوئے۔ رضی خوفزدہ تھا۔ ہسپتال اور پھر ماں باپ کے سرہانے وہ کیسے پہنچا اسے کچھ یاد نہیں۔ مگر پھر چچا اسے وارڈ سے باہر لے گئے اور اسے گلے لگاتے ہوئے رو دیے۔ ڈاکٹر نے اسکے والدین کی موت کی خبر چچا کو بتا دی۔

رضی آٹھ سال کا تھا۔ حیران، پریشان، کبھی رو دیتا کبھی روتے ہوئے چپ کر جاتا۔ اسکے والدین سفید لباس میں سامنے بے سدھ لیٹے تھے۔ اور وہ بے بسی سے انھیں دیکھ رہا تھا۔

جنازے اٹھے۔ جنازوں کو قبرستان لے جایا گیا۔ وہ سب سے آگے تھا۔ پھر دونوں کو مٹی کے سپرد ہوتے دیکھتا رہا۔ خوفزدہ، پریشان مگر کیا بولتا۔ اتنی عمر میں اسے کچھ پتا نہ تھا کہ کیا بولے کیا پوچھے۔ کس سے ہوچھے۔

اب چچا کا گھر ہی اسکا تھا اور پھر کچھ دن بعد ہی چچا، چچی اور فہد کا رویہ بدلنے لگا۔ سکول تو والدین کی موت کے ساتھ ہی چھوٹ چکا تھا مگر پھر ایک دن اسکے چچا اسے بغیر بتائے اس جگہ لے آئے۔ اس عمارت میں بنے آفس میں بڑے سر کے سامنے اسکے چچا نے اسے پیش کیا اور پھر چچا اور بڑے سر نے اسے بتایا کہ وہ اب یہیں رہے گا۔ چچا ملنے کے لیے آتے رہنے کا وعدہ کر کے اسے بڑے سر کے حوالے کرکے چلے گئے ۔

اور پھر آج دس دن سے وہ یہاں کے میلے کچیلے بستر، کھانے میں دی جانے والی کچی پکی روٹیاں اور کچے پکے سالن سے اپنے آپ کو ایڈجسٹ کررہا ہے۔ کیسے نہ کرتا۔ چچا کے جانے کے بعد پہلے دن جب وہ دوپہر کے کھانے کے لیے بیٹھا تو سامنے پڑی کچی پکی روٹی اور پتلا شوربہ دیکھ کر اس نے منہ چڑھایا۔ کھانا دینے والی عورت جسے سب باجی کہہ رہے تھے نے دیکھ لیا۔ اور پھر اگلے لمحے اسکے نازک گال پر ایسا تھپڑ پڑا کہ کچھ دیر کے لیے اسکی آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا گیا۔ جب کچھ حواس بحال ہوئے تو باجی کی کرخت آواز اسکی سماعت سے ٹکرائی"تیرے باپ کا ہوٹل نہیں یہ یتیم خانہ ہے۔ کھا ورنہ کھانا بند کر دونگی۔ مردود کہیں کا"۔۔۔ یتیم خانہ، مردود یہ کیا الفاظ ہیں ۔ ہاں ایک مرتبہ اسکے باپ نے اسے بتایا تھا کہ جس کے والدین فوت ہو جائیں وہ یتیم ہوتا ہے ۔ لیکن یتیم خانہ اور مردود کا کیا مطلب ہے؟ اسے معلوم نہیں تھا

ان دس دنوں میں اس نے ایسے کئی الفاظ سنے جو باجی، بڑے سر، باورچی انکل اور صفائی والی آنٹی غصے میں اونچی آواز میں بولتے۔ اسے ان الفاظ کے مطلب سمجھ نہ آتے ہاں البتہ حامد بتاتا کہ یہ گندی گالیاں دیتے ہیں۔ گالیاں، لیکن اسکے باپ نے بتایا تھا کہ گالیاں دینا تو بہت بری بات ہے۔ اور پھر بچوں کو بلاوجہ گالیاں۔۔۔۔

پچھلے دس دن سے اس نے ایک ہی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ دو بار نہایا تھا۔ اور دن بھر اپنے کمرے میں یا ساتھ جاوید اور قمر کے کمرے میں چلا جاتا۔ تین کمروں میں بیس پچیس چارپائیوں پر دو دو بچے مل کر سوتے تھے۔ بچوں کو صبح ایک ہال میں زمین پر بٹھا کر چائے کے ساتھ سوکھی روٹی دی جاتی اور پھر رات کو پانی نما شوربہ کے ساتھ روٹی کے ٹکڑے آگے رکھ دیے جاتے۔ سارا دن بچے ایک سے دوسرے کمرے اور سامنے بنے برآمدوں میں چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے تھے۔ ان بچوں کو نیچے جانے کی اجازت نہ تھی۔ اور نیچے کی سیڑھیوں کے شروع میں ایک گرل نما دروازہ لگا تھا جوکہ عموماً بند ہی رہتا تھا ۔۔۔۔۔۔

ایک دن سب بچوں کو ایک ایک کیلا اور سیب دیے گئے۔ حامد نے بتایا تھا کہ شاید کوئی اللہ کا بندہ آج یتیم خانے میں پھل دے گیا ہے۔ ایک برآمدے سے نیچے نظر پڑی تو بڑے سر کے آفس کے باہر ابھی بھی سیب،کیلے اور امرود کے کافی تھیلے پڑے تھے۔ شام کو زیادہ تر تھیلے بڑے سر کی گاڑی میں گھر کے لیے رکھوا دیے گئے۔ جبکہ چار تھیلے باجی، صفائی والی آنٹی، باورچی انکل اور دونوں گارڈ انکل کے لیے چھوڑ دیے گئے۔

نیچے کی عمارت کے درمیان میں ایک بڑا صحن تھا جس میں چار مختلف جھولے نصب تھے۔ جبکہ نیچے کے کمروں کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جاتا۔ رضی کو سمجھ نہ آئی تھی کہ جب بچوں کو نیچے جانے کی اجازت نہیں تو جھولے کس مقصد کے لیے۔ اور پھر بڑے سر کے آفس، کچن ، باجی اور آنٹی کے کمروں کے علاوہ بقایا چھ کمروں میں کیا رکھا گیا ہے اور انکے دروازے بند کیوں ہیں۔ مگر وہ حامد سے اس بارے میں نہ پوچھ سکا۔

ایک دن صبح انھیں جلدی جگا دیا گیا۔ ناشتے کے بعد سب بچوں کو صاف ستھرے کپڑے اور اچھے جوتے پہنائے گئے۔ سب بچوں کو خاموشی سے اپنے کمروں میں بیٹھنے کا حکم ہوا۔ باورچی انکل ، باجی اور صفائی والی آنٹی بار بار کمروں کے چکر لگا رہے تھے۔ اور پھر تقریباً گیارہ بجے سب ںچوں کو نیچے لایا گیا اور سر کے آفس کے باہر برآمدے میں کھڑا کیا گیا ۔ بڑے سر آئے اور بچوں کو رعب دار آواز میں کہنے لگے۔ "سب سن لو کہ تین کمروں میں بیس بیس بچے بیٹھ جائیں۔خاموشی سے بیٹھنا۔ جو کتابیں ملیں انھیں پھاڑنا یا خراب نہیں کرنا، جھولوں پر تمیز اور خاموشی سے بیٹھنا۔ اگر کوئی شکایت ملی تو الٹا لٹکا دونگا"۔

دو بچوں کو پھولوں کے گلدستے دیکر گیٹ کے پاس کھڑا کر دیا گیا۔ جبکہ دوسرے بچوں کو مختلف کمروں میں بھیج دیا گیا۔ رضی بھی ایک کمرے میں پہنچ گیا جہاں پر بہترین میز کرسیاں لگیں تھیں۔ میزوں پر پانچویں کی کتابیں رکھی گئی تھیں۔ اور پھر ایک ٹیچر نما خاتون سامنے کرسی پر آبیٹھیں۔ بچوں کو خاموشی سے کرسیوں پر بیٹھنے کو کہا گیا۔ بڑے سر کے دفتر اور باہر برآمدے میں کافی چہل پہل تھی۔ چائے اور کھانے پینے کے لوازمات لائے اور ایک کمرے میں رکھے جا رہے تھے۔ گلدستے والے بچوں کو پھول پیش کرنے کا طریقہ بار بار سمجھایا جا رہا تھا۔

اور پھر دوپہر ایک بجے کالی گاڑیاں گیٹ سے اندر داخل ہوئیں اور سامنے میدان کے شروع میں رکیں۔ ان گاڑیوں سے چند لوگ اترے اور درمیان والی بڑی گاڑی کے پاس رک گئے۔ کچھ دیر بعد ایک اونچا لمبا شخص بڑی گاڑی سے اترا اور سب سے ملنے لگا۔ اتنے میں بچوں نے گلدستے پیش کیے۔ اور پھر سب بڑے سر کے کمرے کی طرف چل دیے۔ رضی چونکہ گیٹ کے سامنے والے کمرے میں تھا تو سارا منظر دیکھ رہا تھا۔

کچھ دیر بعد کچھ بچوں کو جھولوں پر بھیج دیا گیا ۔ اب بڑے سر مہمانوں کو اپنے ادارے کا دورہ کرانے لگے۔ اس کے کمرے میں موجود ٹیچر نما عورت نے انھیں سرزنش کرتے ہو کہا "ابھی وزیر صاحب ادھر آئیں گے۔ سب تمیز سے بیٹھنا۔ اور وہ کچھ پوچھیں تو آرام سے جواب دینا۔ اگر کوئی غلطی ہوئی تو میں تم لوگوں کو زمین میں گاڑ دوں گی"بچے سہم گئے۔

چند لمحوں بعد وزیر صاحب انکے کمرے میں داخل ہوئے۔ ٹیچر نے اٹھ کر انھیں سلام کیا۔ وزیر صاحب ایسے صاف ستھرے اور نظم و ضبط والے بچوں اور یہاں کے انتظامات سے بہت مطمئن ہوئے۔ کچھ فوٹوگرافرز نے بچوں کی تصاویر اتاریں ۔ وزیر صاحب نے ایک دو بچوں کے قریب بیٹھ کو کچھ تصویریں بنوائی اور کمرے سے باہر نکل گئے۔ باہر ایک صحافی نے انھیں روک کو اپنے تاثرات بیان کرنے کو کہا۔ وزیر صاحب نے مائیک میں چند الفاظ بولے اور پھر چائے پانی کے لیے دوسرے کمرے میں چلے گئے۔

یہ ہنگامہ ختم ہوتے ہوتے شام ہونے لگی۔ بچے پچھلے تین گھنٹے سے پابند بیٹھے تھے۔ اور پھر شام چار بجے وزیر صاحب روانہ ہوئے۔ اب بچوں کو دوبارہ اوپر انکے کمروں میں بھیج دیا گیا۔ ننھا رضی بھی یہ سب حیرانگی سے دیکھتا اوپر جارہا تھا۔ باقی بچے کچھ ایسے بھی حیران نہ تھے کیونکہ یہ سب وہ پہلے بھی بھگت چکے تھے۔

بچے واپس کمروں میں پہنچ گئے۔ نئے لباس اتروا کر دوبارہ سے پرانے پہنا دیے گئے۔ نیچے والے کمرے دوبارہ بند کر کے تالے لگا دیے گئے۔ جبکہ جھولے پھر سے ویران ہوگئے۔ رات روٹی کے ٹکڑوں اور پتلی دال کھانے میں ملی۔ مہمان اور ٹیچر نما خواتین جا چکی تھیں۔

بڑے سر کے کمرے میں باجی، صفائی والی آنٹی، باورچی انکل، گارڈ انکل جمع تھے۔ بڑے سر سب کو بہترین ڈنر کرا رہے تھے۔ روسٹ، چاول، تین چار قسم کے سالن , تین چار قسم کا میٹھا اور مشروبات مہیا تھے۔ سامنے دیوار پر لگے ٹی وی پر رات کے خبرنامہ کے ساز بجے تو بڑے سر نے آواز اونچی کر دی۔ تیسری خبر حکومت کے اہم ترین وزیر کے انکے یتیم خانے کے دورے کی تھی۔ اور پھر سکرین پر وزیر صاحب نمودار ہوئے ۔ جو کہ اپنے تاثرات میں کہہ رہے تھے "آج یہاں آکر دل بہت خوش ہوا۔ ہمیں اس طرح کے ادارے چلانے اور یتیم بے سہارا بچوں کی کفالت کرنے والے ایسے نیک لوگوں پر فخر ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ اس ادارے کے ماڈل کو سامنے رکھ کر ملک کے دوسرے شہروں میں بھی ایسے ادارے بنائے جائیں۔ ابھی ان بچوں کی کفالت اور ادارے کے اخراجات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کی طرف سے دو کروڑ کی رقم اس ادارے کو فراہم کی جاتی ہے۔"ساتھ وزیر صاحب نے کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے دو کروڑ کا چیک بڑے سر کے ہاتھ میں تھما دیا۔۔۔۔

خبر سن کر کمرے میں موجود سب لوگوں نے بڑے سر کو مبارک دی۔ بڑے سر نے بھی سب کے لیے پچاس پچاس ہزار کے بونس کا اعلان کیا۔ اور پھر اپنے ایک دوست کو کال ملا دی جو کہ پراپرٹی کانامی گرامی ڈیلر تھا ۔ شہر کی سب سے بڑی سوسائٹی میں تیسرا پلاٹ لینے کی رقم کا بندوست جو ہوگیا تھا۔

مزید نثر

میرے خوابِ طلب میں

تبصرہ · نثر

میرے خوابِ طلب میں

"نعت" عربی زبان کا ایک اہم مادہ ہے۔ اس کا مطلب ایسے الفاظ اور تعبیرات کا مجموعہ ہے جو کسی شخص، شے یا خیال کی تعریف و توصیف کے لیے استعمال ہوں۔ عربی…

نورین طلت عروبہ
بکھرتی حسرت

افسانہ · نثر

بکھرتی حسرت

صبح کا وقت تھا اور سڑک پر تو دوڑ سی لگی ہوئی تھی۔ ہر شخص جلدی میں تھا۔ساڑھے آٹھ بجے کا وقت تھا۔ سکول کے چند بچے سکول کو بھاگ رہے تھے- دفاتر جانے والے…

توحید شاہ ہاشمی