پنجاب میں لوک ادب کی زبانی روایت : اُردو ترجمہ ، تدوین اور تجزیہ ( بحوالہ خصوصی نیلی بار اور گنجی بار)
خلاصہ
زبانی علم کو محفوظ کرنا اور ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل کرنا زبانی روایت کہلاتا ہے۔ یہ کام کہانیوں، داستانوں، گیتوں اور حکایتوں کے ذریعے ہوتا ہے۔ پنجابی لوک ادب جو نسل در نسل چلتا آ رہا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ لوگوں کی یادداشت سے مٹتا جا رہا ہے۔ ادبی حیثیت رکھنے والا کام منظر سے گم ہوتا جا رہا ہے لوک روایتیں تب تک زندہ رہتی ہیں جب تک ان کے سنانے والے حیات ہوں وگرنہ یہ خزانے دم توڑتے لوگوں کے ساتھ ختم ہو جاتے ہیں۔ لوک ادب کے اسی خزانے کی روایت کو زندہ رکھنے کے لیے لوگوں سے زبانی مواد اکٹھا کیا گیا۔ مواد کو پنجابی کے ساتھ ساتھ اردو ترجمے کی شکل میں ڈھالا گیا اور اس کا تجزیہ کیا گیا۔ اس تحقیق کے ذریعے سے پنجابی علاقوں کے ادب کو فروغ حاصل ہو گا اور مٹتے ہوئے ادب کو تحفظ ملے گا۔ اس مقالے کی مدد سے پنجاب کے علاقوں (نیلی بار اور گنجی بار ) کی شعری و نثری لوک روایتوں کو محفوظ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاکہ آئندہ آنے والی نسلیں اس لوک ادب سے محظوظ ہو سکیں۔